علی گڑھ : مدرسہ اصلاح معاشرہ تعلیم آباد علی گڑھ میں دس بجے دن حضور محبوب العلماء سید محمد امان قادری(ولیعہد خانقاہ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ) دام ظلہ العالی کی صدارت میں محقق اہل سنت رئيس التحریر علامہ یاسین اختر مصباحی (بانی دارالقلم، دہلی) کی یاد میں ایصال ثواب اور دعاے مغفرت کے لیے ایک تعزیتی محفل منعقد ہوئی ۔ضیاءالرحمٰن امجدی کی بھیجی رپورٹ کے مطابق طلبہ نے قرآن خوانی کا اہتمام کیا۔مدرسہ اصلاح معاشرہ تعلیم آباد علی گڑھ کے اساتذہ نے کلمات تعزیت پیش کرتے ہوئے علامہ یٰسین اختر مصباحی علیہ الرحمہ کی سادگی ,قرطاس وقلم سے والہانہ شغف اور تعلیمات اعلی حضرت کی ترویج واشاعت میں علامہ موصوف کی ناقابل فراموش خدمات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ قلم کے بادشاہ تھے جن کی بارگاہ میں بڑے بڑے عالم، فاضل مفتی سر کو جھکائے بیٹھا کرتے تھے، فروغ رضویات میں آپ نے جو خدمات سرانجام دیے ہیں وہ آب زرسے لکھے جانے کے قابل ہیں. علامہ موصوف کے انتقال سے جماعت اہل سنت میں بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا، اللہ رب العزت ان کا نعم البدل عطا فرمائے اور علامہ موصوف پراپنی رحمت وغفران کی بارش برسائے، پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق بخشے آمین۔ صلاۃ و سلام اور قل شریف کے بعد محفل کا اختتام ہوا. اس موقع پر مولانا غلام مرسلین اشرفی، مولانا ساغر جمیل، ڈاکٹر طارق اور مدرسہ کے طلباء موجود تھے.