ابوجا، 21 اگست (یو این آئی) نائجیریا کی فضائیہ کے ملک کی شمالی ریاست بورنو میں حالیہ فوجی فضائی حملوں میں پانچ کمانڈروں سمیت کم از کم 40 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔یہ فضائی حملے 16 اگست کو بورنو کے جنوبی ٹمبنس علاقے میں کیے گئے جہاں مشتبہ شدت پسند دوبارہ منظم ہو رہے تھے۔
فضائیہ کے ترجمان ایڈورڈ گیبکیٹ نے دارالحکومت ابوجا میں میڈیا کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے فضائی حملوں کو شمال مشرقی علاقے میں سرگرم شدت پسندوں کو مزید کمزور کرنے کی ایک فیصلہ کن کوشش قرار دیا اور کہا کہ وہاں موجود بے گناہ شہریوں اور فوجیوں کو بچایا گیا۔مسٹر گیبکیٹ نے کہا کہ فضائی حملے پڑوسی مقامات سے اس علاقے میں شدت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں کی تصدیق کرنے والی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس آپریشن سے علاقے میں باقی رہ جانے والے چند دہشت گردوں کی آپریشنل صلاحیت میں نمایاں کمی آئی ہے۔