علی گڑھ، 11 اپریل: علی گڑھ کی ادبی وثقافتی تنظیم ’بزم ادب خواتین‘ کی جانب سے ایک ادبی نشست محترمہ روبینہ اسد بلگرامی کی رہائش گاہ پر منعقد کی گئی جس میں کافی تعداد میں اراکین بزم ادب نے شرکت کی۔ نشست کا آغاز محترمہ ریحانہ محسن نے تلاوت قرآن پاک اور اس کے ترجمہ سے کیا۔
محترمہ عائشہ ترمذی نے اللہ تعالیٰ کی شان میں ایک حمد کا نذرانہ اپنی خوبصورت آواز میں پیش کیا۔ پروفیسر فائزہ عباسی نے ’’مونگ پھلی اور موبائل‘‘، کے عنوان سے ایک مزاحیہ مضمون پڑھ کر سنایا۔ محترمہ آصف اظہار علی نے اپنی یادوں کے رنگ میں رنگا ہوا ’’یادوں کی دھنک‘‘ کے عنون سے اپنا ایک مضمون حاضرین کے روبرو پیش کیا۔ محترمہ کہکشاں خاں نے ماہ رمضان اور اس کی فضیلت پر ایک پُراثر مضمون پڑھا۔
محترمہ نرجس فاطمہ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ ایک تنقیدی جائزہ‘‘ کے عنوان سے پڑھ کر سنایا۔ محترمہ ریحانہ محسن نے اخلاقیات اور معاملات پر چند ضروری ہدایات قرآن کی روشنی میں پیش کیں۔ شاعرہ عفت صدیقی نے اپنی ایک عمدہ نظم سامعین کے روبرو پڑھ کر سنائی۔ مشہور شاعرہ محترمہ صبیحہ سنبل نے اپنی چند غزلیں ترنم کے ساتھ سنا کر ایک سماں باندھ دیا۔ محترمہ آصف اظہار علی نے بھی اپنی ایک نظم ’’پتھر کی دھڑکن‘‘ پڑھ کر سنائی اور خواتین کی یہ کامیاب محفل اختتام کو پہنچی۔ محترمہ روبینہ اسد بلگرامی نے بزم ادب کی اراکین کے لیے ایک پُرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا تھا جس کا سب نے لطف اٹھایا۔