نئی دہلی، 30 ستمبر (یواین آئی)آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس دہلی اسٹیٹ کی جنرل باڈی میٹنگ تسمیہ آڈیٹوریم، جامعہ نگر، نئی دہلی میں زیرصدارت پروفیسر محمد اسلم منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس دہلی اسٹیٹ یوتھ ونگ، ٹیکنکل ونگ، اکیڈمک ونگ اور فارمیسی ونگ کے عہدہ داروں نے شرکت کی اور اپنی اپنی کارکردگی نیز مستقبل کا لائحہ عمل پیش کیا۔
پروفیسر محمد اسلم نے تنظیمی امور پر روشنی ڈالتے ہوئے آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس سے وابستہ ہر ممبر اور عہدہ دار کو ہدایت کی کہ وہ تنظیم کے دستور کے مطابق عمل کرے اور ڈسپلن بنائے رکھے تاکہ تنظیم ہذا کا سفر مزید کامیابی کے ساتھ جاری رہے۔
اس موقع پر شرکاء نے اتفاق رائے سے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وزارت آیوش میں دیسی طبوں کے ساتھ طب یونانی کو شامل کرکے جو عزت دی گئی ہے اس کی پامالی نہ ہونے پائے کیونکہ گزشتہ برسوں مرکزی محکمہ آیوش کی طرف سے طب یونانی کو اکثر نظر انداز کیا گیا اور گزیٹ نوٹیفکیشن میں طب یونانی کا نام تک شامل نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے آیوروید کو دوسرے محکمہ جات اور صوبائی سرکاروں نے نوکریاں دیں مگر طب یونانی کو نظر انداز کیا گیا۔ اس کے منفی اثرات طلبا پر پڑے اور ایم بی بی ایس کے بعد دوسرے نمبر پر آیوروید میں داخلہ کو ترجیح دی گئی۔
میٹنگ میں کہا گیا کہ اگر یہی صورت حال رہی تو بہت سے طبیہ کالجز بند ہوجائیں گے اور ہماری پوزیشن کافی کمزور ہوجائے گی۔ یوں بھی آیوروید کے مقابلہ یونانی طبیہ کالجوں کی تعداد تقریباً دس گنا کم ہے۔ میٹنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ صوبائی حکومتوں کی عدم توجہی کی وجہ سے ہریانہ اور اتراکھنڈ میں منظورشدہ گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالجوں کے تعمیری کام ٹھپ پڑے ہوئے ہیں۔ میٹنگ میں مطالبہ کیا گیا کہ جلد از جلد تعمیری کام مکمل کرکے عوام الناس کے حق میں یونانی میڈیکل کالج اور ہاسپٹل کا آغاز کیا جائے۔ اسی طرح حکومت دہلی سے دہلی بھارتیہ چکتسا پریشد (ڈی بی سی پی) کا الیکشن جلد از جلد کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
میٹنگ میں ڈاکٹر ذکی الدین، ڈاکٹر محمد سلیم صدیقی، ڈاکٹر شہنازپروین، ڈاکٹر الیاس مظہر حسین، ڈاکٹر عبداللہ خاں رئوف، ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر غیاث الدین صدیقی، ڈاکٹر مرزا آصف بیگ، حکیم عزیر بقائی، ایڈوکیٹ شان جبیں قاضی، حکیم نعیم رضا وغیرہ نے اظہار خیال کیا۔ اہم شرکاء میں اطہر عزیز، ڈاکٹر احسان احمد صدیقی، ڈاکٹر فیضان احمد صدیقی، ڈاکٹر شفیق الرحمن، ڈاکٹر خورشید عالم، ڈاکٹر شمس الدین آزاد، ڈاکٹر محمد عارف سیفی، ڈاکٹر شیخ خضرا، حکیم محمد مرتضیٰ دہلوی، ڈاکٹر فہیم ملک، ڈاکٹر شکیل احمد ہاپوڑی، ڈاکٹر اطہر محمود، ڈاکٹر نسیم احمد، محمد جلیس (لمرا)، سیّد اعجاز حسین، ڈاکٹر عبدالمجید، محمد نوشاد ندوی، حکیم آفتاب عالم، حکیم نعیم احمد بجنوری، محمد اویس، محمد حفظ الرحمن، ندیم عارف اور محمد عمران قنوجی وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ تمام شرکاء کا شکریہ تنظیم ہذا کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے ادا کیا۔ خاص طور سے میٹنگ کے بہترین انتظام و انصرام کے لیے ڈاکٹر سیّد فاروق صاحب اور ان کے اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا۔