نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): بالی ووڈ فلموں کی دو اداکاراؤں سوارا بھاسکر اور کنگنا رنوت کے درمیان لمبی مدت سے جاری چپقلس کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایسا اس لیے سمجھا جارہا ہے کیونکہ اداکارہ سوارا بھاسکر اور متنازع بیانات دینے کے حوالے سے معروف کنگنا رناوت کے درمیان ماضی میں کافی کشیدگی رہی ہے۔ لیکن اب کنگنا نے سوارا بھاسکر کو ان کی کورٹ میرج (شادی) پر نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔
واضح رہے کہ سوارا کی فہد ضرار احمد سے گزشتہ روز کورٹ میرج ہوئی تھی جس کی سوارا نے کئی تصاویر پوسٹ کی تھیں۔
جس پر کنگنا نے انہیں اپنے سوشل میڈیا ہینڈلر پر مبارکباد دی جواب میں ہفتے کو سوارا نے ٹوئٹر پر جوابی ٹوئٹ میں کنگنا کا شکریہ ادا کیا اور دو ہارٹ ایموجی بھی پوسٹ کیے اور کنگنا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ سوارا اور کنگنا نے اکٹھے دو فلموں میں کام کیا جس میں 2011 کی فلم ’تنو ویڈز منو‘ اور 2015 کی ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ شامل ہیں۔
2020 میں کنگنا رناوت کی جانب سے سوارا بھاسکر اور تاپسی پنو کو بی گریڈ (درجہ دوم) کی اداکارائیں قرار دینے پر ٹوئٹر پر جنگ شروع ہوگئی تھی۔ بعدازاں 2021 میں کنگنا نے ایک انٹرویو میں کہا کہ سوارا اور تاپسی دونوں انڈسٹری میں آؤٹ سائیڈر ہیں، جس پر جوابی کمنٹس میں سوارا نے بھی کرارا جواب دیا، جس کے بعد کافی عرصے یہ جنگ چلتی رہی۔جھگڑا اس وقت ختم ہوا جب سوارا نے کنگنا کو کہا کہ وہ ان سے پیار کرتی ہیں۔