سالگرہ کے موقع پرخاص
ممبئی ( یو این آئی ) ہندی فلموں کے آج بھی جوان نظر آنے والے اور توانائی سے بھرپور معروف اداکار انیل کپور کو آج 67 سال کے ہو گئے۔ انیل کپور کی پیدائش 24 دسمبر 1959 کو ممبئی کے علاقے چیمبور کی ایک چھوٹی سی بستی میں پیدئی۔ ان کے والد سریندر کپور فلم پروڈیوسر تھے۔ گھر میں فلمی ماحول کی وجہ سے وہ اکثر اپنے والد کے ساتھ شوٹنگ دیکھنے جاتے اور اداکار بننے کا خواب دیکھا کرتے تھے۔ انیل کپور کے والد نے فلموں کی طرف ان کے بڑھتے ہوئے رجحان کو پہچانا اور انہیں اس راستے پر چلنے کی ترغیب دی۔ انیل کپور نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز سال 1979 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہمارے تمہارے‘ سے کیا لیکن کمزور اسکرپٹ اور ڈائریکشن کی وجہ سے یہ فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام ثابت ہوئی۔ سال 1982 میں انہیں دلیپ کمار اور امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’شکتی‘ میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن اس کا انہیں زیادہ فائدہ نہیں ہوا۔
سال 1983 میں انیل کپور کو اپنے والد کے بینر تلے بنی فلم ’وہ سات دن‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں وہ آرٹ فلموں کے ماسٹر نصیر الدین شاہ کے مدمقابل تھے لیکن انیل اپنی زبردست اداکاری سے ناظرین کا دل جیتنے میں کامیاب رہے۔ فلم کی کامیابی کے بعد وہ کسی حد تک اپنی پہچان بنانے میں کامیاب رہے۔سال 1985 میں انیل کپور کو یش چوپڑا کی فلم ’مشعل‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اگرچہ پوری فلم اداکار دلیپ کمار کے گرد گھومتی تھی لیکن انیل کپور نے فلم میں اپنے چھوٹے سے کردار سے ناظرین کے دل جیت لیے۔ اس فلم میں ان کی زبردست اداکاری پر انہیں معاون اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔
سال 1987 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مسٹر انڈیا‘ انیل کپور کے فلیمی سفر کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوئی۔ شیکھر کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں انیل کپور نے ایک ایسے نوجوان کا کردار ادا کیا ہے جسے ایک ایسا معجزاتی آلہ مل جاتا ہے جس کی مدد سے وہ غائب ہو جاتا ہے۔ بعد میں، اپنے ملک کو تباہی سے بچانے کے لیے، وہ ولن سے لڑتا ہے اور اسے شکست دے کر فاتح بن جاتا ہے۔
سال 1988 میں انیل کپور کے فلمی سفر کی ایک اور اہم فلم ’تیزاب‘ریلیز ہوئی۔ این چندرا کے بینر تلے بننے والی اس فلم میں انیل کپور نے ایک سادہ لوح نوجوان کا کردار ادا کیا ہے جو ملک اور معاشرے کے لیے وقف ہے لیکن معاشرے میں پھیلی بدعنوانی کی وجہ سے وہ لوگوں کی آنکھوں میں تیزاب بن جاتا ہے جو پورے معاشرے کو جلاکر راکھ کر دینا چاہتا ہے۔ ’تیزاب‘ اور ’مسٹر انڈیا‘ جیسی فلموں کی کامیابی کے بعد ان کا موازنہ امیتابھ بچن سے کیا جانے لگا۔ بدکاروں کی موت کے طوفان کی طرح سلور اسکرین پر نمودار ہونے والے انیل کپور نے نہ صرف انتقام کے جذبے والے کردار ادا کئے بلکہ انہوں نے جذباتی اور مزاحیہ اداکاری سے سامعین کو مسحور کیا۔
سال 1989 میں انیل کپور کی فلم ’ایشور‘ ریلیز ہوئی جس میں ناظرین کو ان کی اداکاری کا ایک نیا رنگ دیکھنے کو ملا۔ اس سے قبل اس فلم کا تیلگو ورژن بنایا گیا تھا جس میں اداکار کمل ہاسن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ انیل کپور نے اسے ایک چیلنج کے طور پر لیا اور اپنی جذباتی اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے۔ فلم میں ان کی زبردست اداکاری کے لیے انہیں فلم فیئر بہترین اداکار کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔ سال 1992 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بیٹا‘ کا شمار انیل کپور کے فلمی کیرئیر کی سپر ہٹ فلموں میں ہوتا ہے۔ اس فلم میں انیل کپور نے ایک ایسے نوجوان کا کردار ادا کیا ہے جو اپنی سوتیلی ماں سے بہت پیار کرتا ہے جب کہ اس کی ماں اسے برباد کرنے کے لیے اس کی جان تک لینے سے بھی دریغ نہیں کرتی، اس کے باوجود انہیں اپنی ماں پر پورا بھروسہ ہوتا ہے۔ اس فلمی میں انیل کپور نے جذباتی کردار ادا کر کے ناظرین کے دل جیت لیے۔
سال 2001 میں انیل کپور کے فلمی سفر کی ایک اور اہم فلم ’نائک‘ ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں انہوں نے ایک ٹی وی صحافی کا کردار ادا کیا ہے جو ایک انٹرویو کے دوران وزیر اعلیٰ امریش پوری کو بے نقاب کرتا ہے، پھر اسے غلط ثابت کرنے کے لیے امریش پوری انہیں ایک دن کے لیے وزیر اعلیٰ بننے کی پیشکش کرتا ہے، جسے وہ قبول کرتے ہیں اور ملک کے سامنے وزیر اعلیٰ کے طور پر امریش پوری کے غلط کاموں کو بے نقاب کر دیتے ہیں۔ سال 2002 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بدھائی ہو بدھائی‘ کے ذریعے انیل کپور نے فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا اور اس فلم میں اداکاری بھی کی لیکن بدقسمتی سے اس فلم کو ٹکٹ کھڑکی پر متوقع کامیابی نہیں ملی۔ اس کے بعد انہوں نے مائی وائف مڈر، گاندھی مائی فادر اور دیگر فلمیں بھی بنائیں لیکن اس بار بھی ٹکٹ کھڑکی پر یہ فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔
سال 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کا شمار انیل کپور کی اہم فلموں میں کیا جاتا ہے۔ اس فلم کے ذریعے انہوں نے بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنائی۔ ممبئی کی کچی آبادیوں پر مبنی اس فلم میں انیل کپور نے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں صدی کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کی جانب سے ادا کیے گئے اینکر کا کردار پورے جوش و خروش کے ساتھ نبھایا۔ واضح رہے کہ اس فلم کے ذریعے موسیقار اے آر رحمان اور نغمہ نگار گلزار نے آسکر ایوارڈ جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔
فلموں میں انیل کپور کی جوڑی اداکارہ مادھوری دکشت کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ ان کی جوڑی کو پہلی بار 1988 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تیزاب‘ میں پسند کیا گیا تھا۔ بعد میں، انیل کپور اور مادھوری دکشت کی جوڑی نے پرندے، رام لکھن، کشن کنہیا، جیون ایک سنگھرش، جمائی راجہ، کھیل، بیٹا، زندگی ایک جوا اور راجکمار جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کرکے ناظرین کو محظوظ کیا۔ مادھوری کے علاوہ اداکارہ سری دیوی کے ساتھ انیل کپور کی جوڑی کو بھی کافی پسند کیا گیا۔ ان کی جوڑی کو پہلی بار 1987 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مسٹر انڈیا‘ میں پسند کیا گیا تھا۔ اس کے بعد فلمسازوں نے اس جوڑی کو کئی فلموں میں دہرایا۔ ان فلموں میں رام اوتار، لمحے، روپ کی رانی چورو کا راجہ، ہیر رانجھا، گرودیو، لاڈلا، مسٹر بیچارہ اور جدائی نمایاں ہیں۔
انیل کپور کو اب تک چار بار فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ اس سب کے ساتھ سال 2000 میں فلم ’پکار‘ کے لیے انہیں بہترین اداکار کے قومی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ انیل نے اپنے تین دہائیوں کے طویل سنیما کیریئر میں تقریباً 140 فلموں میں کام کیا۔ سال 2013 میں انیل کپور نے سیریل ’24‘ کے ذریعے چھوٹے پردے کا رخ کیا۔ اس کے بعد انیل کپور کی کامیاب فلمیں جیسے ویلکم بیک، دل دھڑکنے دو ریلیز ہوئیں۔ انیل کپور کی فلم ’انیمل‘ اس سال ریلیز ہوئی ہے۔ اس فلم میں انیل کپور نے رنبیر کپور کے والد کا کردار ادا کیا اور ایک بار پھر انہوں نے اپنی اداکاری سے سب کا دل جیت لیا۔ انیل کپور کی آنے والی فلموں میں فائٹر اہم ہے۔