یکم اور 5 دسمبر کو ہوگی پولنگ، ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو کی جائے گی
نئی دہلی(یو این آئی) گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ دو مرحلوں میں یکم اور 5 دسمبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو کی جائے گی۔چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں گجرات میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی گجرات، سوراشٹرا اور شمالی گجرات کے کچھ حصوں میں 89 سیٹوں پر یکم دسمبر کو اور وسطی گجرات اور شمالی گجرات کی باقی 93 سیٹوں پر 5 دسمبر کو پولنگ ہوگی۔ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی اور ووٹنگ کا عمل 10 دسمبر کو مکمل ہوگا۔
واضح رہے کہ 12 نومبر کو ہونے والے ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی بھی 8 دسمبر کو ہوگی۔مسٹر راجیو کمار نے کہا کہ پہلے مرحلے کی پولنگ کا نوٹیفکیشن 5 نومبر کو جاری کیا جائے گا۔ نامزدگی کی آخری تاریخ 14 نومبر اور نام واپس لینے کی تاریخ 17 نومبر ہوگی۔ بیلٹ کی جانچ پڑتال 15 نومبر کو ہوگی۔ دوسرے مرحلے کا نوٹیفکیشن 10 نومبر کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 نومبر اور نام واپس لینے کی تاریخ 21 نومبر ہوگی۔ بیلٹ کی جانچ پڑتال 18 نومبر کو ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس بار گجرات اسمبلی انتخابات میں پہلی بار تین لاکھ 24 ہزار 422 نئے ووٹر ووٹ ڈالیں گے ۔ پولنگ اسٹیشنز کی کل تعداد 51 ہزار 782 ہے ۔ ریاست میں قائم کم از کم 50 فیصد پولنگ اسٹیشنوں پر ویب کاسٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ریاست میں ووٹروں کی کل تعداد 4.9 کروڑ ہے ۔ ریاست میں 142 آدرش پولنگ اسٹیشن ہوں گے ۔ معذور افراد کے لیے 182 پولنگ اسٹیشنز اور خواتین کے لیے 1274 پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔
اس درمیان چنڈی گڑھ سے ایک متعلقہ خبر میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ گجرات اسمبلی (14ویں اسمبلی) کی مدت اگلے سال 18 فروری تک نہیں بلکہ 22 جنوری تک ہے۔
تاہم الیکشن کمیشن کے پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی کی مدت کار18 فروری تک ہے جو کہ درست نہیں ہے۔یہ دعویٰ سینئر وکیل اور حق اطلاعات کے کارکن ہیمنت کمار نے کیا ہے اور انہوں نے اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو ای میل بھی کیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے آج 15ویں گجرات قانون ساز اسمبلی کے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا، جس کے ساتھ جاری پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ 14ویں اسمبلی کی مدت کار 19 فروری 2018 سے 18 فروری 2023 تک ہے۔پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے ایڈوکیٹ مسٹر کمار کے مطابق یہ درست نہیں ہے۔ موجودہ گجرات قانون ساز اسمبلی کی مدت کار23 جنوری 2018 سے 22 جنوری 2023 تک ہے کیونکہ اسمبلی کی پہلی میٹنگ 23 جنوری 2018 کو ہوئی تھی جہاں نو منتخب ایم ایل ایز نے حلف لیاتھا۔مسٹر کمار نے اس بات کی حمایت میں گجرات وزیر اعلی کے دفتر کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے 23 جنوری 2018 کو ایک ٹویٹ کا اسکرین شاٹ بھی منسلک کیا ہے جس میں حلف برداری کی تقریب کی تاریخ کی تصدیق ہوتی ہے۔مسٹر کمار کے مطابق، موجودہ قانون ساز اسمبلی کی مدت کار22 جنوری 2023 تک ہی ہے، آئین کے آرٹیکل 172 کے مطابق اسمبلی اگر پہلے تحلیل نہیں کی گئی ہے تو پہلی میٹنگ کی تاریخ سے پانچ سال تک رہے گی اورپانچ سال کی مدت مکمل ہوجانے پر تحلیل ہوجائے گی۔
مسٹر کمار نے الیکشن کمیشن سے پریس نوٹ میں اس ‘غلطی’ کو دور کرنے کی اپیل کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 182 رکنی اسمبلی کے منتخب ایم ایل ایز کی حلف برداری کی تقریب 23 جنوری 2018 کو ہوئی تھی اور حکومت کا پہلا بجٹ اجلاس 19 فروری 2018 سے۔
۔