لکھنؤ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن لکھنؤ کا سالانہ اجلاس عام ہوٹل عارف کاسلز نزد نیشنل کالج منعقد ہوا۔ جس کی صدارت سینئر علیگ سابق انکم ٹیکس کمشنر طارق غوری نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ خطبہء استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر شکیل قدوائی نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے ایسوسی ایشن کے ذریعے بانء درسگاہ سر سید احمد خاں کو بھارت رتن دینے کی مانگ مرکزی سرکار سے کی جا رہی ہے۔ سرسید نہ صرف بانء درسگاہ تھے بلکہ ان کی خدمات ایک مؤرخ ، صحافی ، ادیب ، شاعر ، مفسر ، مفکر،محب وطن ، مصلح قوم اور ہندو مسلم اتحاد کے حامی کے طور پر نمایاں حیثیت کی حامل ہیں لہذا ان کو بھارت رتن سے نوازا جانا حق بجانب ہے۔ جلسہ میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ صدر جمہوریہ و مرکزی حکومت کو اس سلسلہ میں دوبارہ عرضداشت ارسال کی جائے۔ جلسے میں ایسوسی ایشن کے مجوزہ سرسید مشن اسکول و ایوان سرسید کے قیام پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے خازن انور حبیب علوی نے ایسوسی ایشن کی گزشتہ سال کی آمدنی و اخراجات کا گوشوارہ پیش کیا جسے اتفاق رائے سے منظور کیا گیا۔ تعلیم گاہ نسواں انٹر کالج لکھنؤ کی سابق پرنسپل تبسم قدوائی نے ایسوسی ایشن کے ذریعے چلائے جا رہے سلاء اسکول کی کارکردگی سے ممبران کو تفصیل سے روشناس کرایا۔ اس سلسلہ میں سلاء اسکول کو مزید بہتر بنانے کیلئے ممبران کی تجاویز پر غور و خوض کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے سکریٹری سید محمد شعیب نے سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ایسوسی ایشن نے اپنے آپ کو محض سرسید ڈے تک ہی محدود نہیں رکھا ہے بلکہ مختلف سماجی ، فلاحی ،ثقافتی ، ادبی اور تعلیمی کاموں میں بھی ایسوسی ایشن نے اپنی کارکردگی سے ایک مقام پیدا کیا ہے۔ اس موقع پر موجود کء ممبران نے اپنی تجاویز پیش کیں جن میں آفتاب احمد خاں سابق آئی جی سی آر پی ایف ، پروفیسر نزہت حسین ، انجنئیر محمد مطلوب خاں ، ڈاکٹر زیبا صدیقی ، محمد طارق صدیقی ،عتیق احمد فاروقی ، جاوید صدیقی ، ڈاکٹر محمد مبشر ، محمد شہنشاہ انصاری ، قیس مجیب , محمد سراج حسن، محمد محی الدین ،محمد حمزہ خاں اور عاقب رؤف شامل تھے۔
جلسے میں سابق ڈی جی پی رضوان احمد ، ڈاکٹر سہیل احمد فاروقی ، ممتاز شاعر واصف فاروقی ،طارق فیاض ، عتیق انور صدیقی ، پروفیسر ریاض مہدی ، ڈاکٹر ضیاء افروز رضوی ، خوشتر جلیس احمد ، محمد نور عالم ،مادھو سکسینہ ، شاذیہ فاروقی ، سید ریحان مسعود ، فیصل فاروقی ،معراج صدیقی ،محمد نعیم احمد ، گووند رام ، حسین احمد ، ڈاکٹر ارم دیبا سمیت کء علیگ موجود تھے۔ کلمات تشکر ایسوسی ایشن کی جوائنٹ سیکریٹری شہلا حق نے ادا کئے۔ پروگرام کا اختتام یونیورسٹی ترانہ و قومی ترانے پر ہوا۔