نئی دہلی/جموں(ایجنسیاں)ہندوستانی افواج نے جمعرات کو پاکستان کی طرف سے جموں، پٹھانکوٹ اور ادھم پور میں فوجی اسٹیشنوں پر میزائل اور ڈرون حملوں کو کامیابی کے ساتھ بے اثر کر دیا، جب جموں میں متعدد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ پورے علاقے میں بلیک آؤٹ اور سائرن چالو کر دیے گئے۔ اکھنور، سانبہ، بارہمولہ اور کپواڑہ میں بھی سائرن کی آوازیں سنی گئیں۔ بھارتی فضائیہ کی دفاعی ٹیم نے پاکستان کی جانب سے فائر کیے گئے متعدد ڈرونز اور میزائلوں کو روک دیا۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ ہندوستان کی طرف سے پاکستان اور پاک مقبوضہ کشمیر (پی او کے) میں دہشت گردی کے نو کیمپوں کو تباہ کرنے کے ایک دن بعد پاکستان کی جانب سے اٹیک کی یہ کوشش تھی،جسے ہندوستانی افواج نے بہر حال ناکام بنادیا۔اس سے قبل ایسی خبریں موصول ہوئی تھیں کہ لاہور، کراچی اور دیگر مقامات پرہندوستان کی جانب سے ڈرون حملے کیے ۔
وزارت دفاع کے ایک بیان میں، ہندوستان نے کہا کہ پاکستان نے 7 مئی کو کئی ہندوستانی شہروں میں فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، جن میں اونتی پورہ، سری نگر، جموں، پٹھانکوٹ، امرتسر، چندی گڑھ اور دیگر شامل ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان حملوں کا ملبہ، جسے بھارت کے فضائی دفاعی نظام نے بے اثر کر دیا تھا، پاکستان کے ملوث ہونے کا ثبوت پیش کرنے کے لیے برآمد کیا جا رہا ہے۔اسی دن، ہندوستانی مسلح افواج نے 22 اپریل کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں نو مقامات پر دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے پر درست حملے کیے تھے جس میں 26 افراد مارے گئے تھے۔میزائل حملوں کے کچھ دیر بعد پاکستانی فوج نے جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ ساتھ اگلے دیہاتوں پر بھاری توپ خانے اور مارٹر گولہ باری کی، جس میں کم از کم 12 شہری اور ایک فوجی ہلاک ہو گئے۔
دوسری جانب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے دعوی کیا ہے کہ کہ پاکستان اب تک 25 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز گرا چکا ہے،جو ہندوستان کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے یہ دعوی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد میں پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس میں دعوی کیا کہ لاہور، گوجرانوالا، چکوال، بہاولپور، کراچی، اٹک اور چھور میں ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 4 افسران زخمی ہوئے ہیں جبکہ میانو سندھ میں ایک شہری مارا گیا۔