لکھنؤ:(یواین آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے صدر و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ محمداعظم خان صاحب سچ کی آواز ہیں۔ انہوں نے بچوں کے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھی ہے۔ تعلیم کے لئے یونیورسٹی بنوائی۔ محمداعظم خان ہمیشہ فرقہ پرست طاقتوں سے لڑتے رہے ہیں۔یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت کا رویہ آئین مخالف اور جمہوریت مخالف ہے۔ بی جے پی حکومت مخالف جماعتوں کے لیڈروں کے خلاف لگاتار انتقام کے جذبے سے کام کررہی ہے۔ اس سے پہلے بھی بی جے پی نے محمد اعظم خان صاحب کی ایماندارانہ شبیہ کو نقصان پہنچانے کے لئے فرضی مقدمے عائد کئے تھے۔ انہیں عدالت سے راحت ملی۔ آج پوری سماجو ادی پارٹی ان کی آواز کے ساتھ کھڑی ہے۔ بی جے پی حکومت مرکزی اداروں کا غلط استعمال کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جےپی حکومت اپوزیشن جماعتوں کے اتحادانڈیا سے خائف ہے۔ گھوسی ضمنی الیکشن کی شکست فاش سے پوری بی جے پی کے حواس فاختہ ہیں۔ حکومت جتنی کمزور ہوگی اپوزیشن پر چھاپے اتنے ہی بڑھتے جائیں گے۔ حکومت تانا شاہی اور مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال بند کرے۔ بی جے پی یاد رکھے تانا شاہوں کے غرور کا خاتمہ یقینیہے۔ سال2024 کے لوک سبھا انتخابات میں عوام جمہوریت مخالف، آئین مخالف، تاناشاہی عمل والی بی جے پی حکومت کو دندان شکن جواب دیں گے۔