چنڈی گڑھ (یو این آئی) پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان نے اتوار کو ریاست کے لوگوں کی سہولت کے لیے 58 نئی ہائی ٹیک ایمبولینسوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔مسٹر سنگھ جن کے ساتھ وزیر صحت ڈاکٹر بلبیر سنگھ بھی موجود تھے، نے ریاست کے لوگوں کو ایمبولینس وقف کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ایمبولینس ہمیشہ مشکل وقت میں لوگوں کی خدمت کے لیے دستیاب رہیں گی۔ اب کل 325 ایمبولینس عوام کی خدمت میں دستیاب رہیں گی تاکہ انہیں بروقت صحت کی خدمات مل سکیں۔ ان جدید ترین ایمبولینسوں کو ضرورت مند مریضوں تک پہنچنے کے لیے شہری علاقوں میں 15 منٹ اور دیہی علاقوں میں 20 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمبولینس روڈ سیفٹی فورس کے ساتھ مل کر کام کریں گی اور اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کو بروقت صحت کی سہولیات فراہم کر کے جانیں بچائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا، "14 کروڑ روپے کی لاگت سے خریدی گئیں ان 58 ہائی ٹیک ایمبولینسوں میں صحت کی دیکھ بھال کے لیے ضروری ادویات اور جدید آلات دستیاب ہوں گے۔”
اس سال اب تک ایمبولینسوں کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد مریضوں کو بحفاظت اسپتالوں میں پہنچایا جا چکا ہے، جن میں 10737 دل کے مریض، 28540 حاملہ خواتین اور دیگر مریض شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان ایمبولینسز میں 80 بچوں کی بھی بحفاظت پیدائش ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سڑک حادثات کے متاثرین کی جان بچانے کے لیے روڈ سیفٹی فورس متاثرین کے لیے ایمبولینس خدمات کو یقینی بنانے کے لئے 108 ہیلپ لائن کے ساتھ مل کر مسلسل کام کر رہی ہے۔