پٹنہ 14 دسمبر ( یواین آئی ) بہار ریاستی جنتا دل یونائٹیڈ( جے ڈی یو ) کے صدر امیش سنگھ کشواہا نے کہا کہ بہار میں گلوبل انوسٹر سمٹ ریاست کی بدلتی تصویر اور تقدیر کی عکاس ہے۔ ملک اور دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کا ماننا ہے کہ بہار ان کے کاروبار کے لیے ایک بہتر انتخاب کے طور پر ابھرا ہے۔ مسٹر امیش سنگھ کشواہا نے کہا کہ گیان بھون، پٹنہ میں منعقدہ دو روزہ گلوبل انوسٹر کار سمٹ 2023میں 600 سے زیادہ کاروباری افراد حصہ لے رہے ہیں۔ جس میں مختلف ممالک کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ ملک اور دنیا بھر سے سرمایہ کار جو سمٹ میں آئے وہ بہار میں تبدیلیوں اور مسٹر نتیش کمار کے ترقیاتی کاموں کی تعریف کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شری نتیش کمار کی قیادت میں ہماری ریاست صنعتی ترقی کی طرف تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے۔ اس کا سب سے زیادہ فائدہ بہار کے نوجوانوں کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی 53 فیصد آبادی 35 سال سے کم عمر کی ہے، اس لیے بہار کو ملک کی سب سے نوجوان ریاست بھی کہا جا سکتا ہے۔ریاستی صدر نے کہا کہ مسٹر نتیش کمار نے اپنے موثر اور شاندار طریقہ کار سے بہار میں ایسا ماحول بنایا ہے کہ اب بیرونی سرمایہ کار بھی بہار کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ بہار میں سڑک، بجلی اور پانی جیسے بنیادی ڈھانچے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو ئے ہیں۔ یہاں تک کہ امن و امان کے معاملے میں بھی بہار کی صورتحال دیگر ریاستوں سے بہت بہتر ہے۔ مجموعی طور پر، بہار آہستہ آہستہ سرمایہ کاروں کے لیے سب سے سازگار ریاست بنتا جا رہا ہے۔
ریاستی صدر نے کہا کہ دو روزہ گلوبل انویسٹرس سمٹ میں ہزاروں کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے معاہدے کی تجویز پر دستخط کیے گئے ہیں جو ریاست کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک بہتر اشارہ ہے۔ ریاستی حکومت بھی تاجروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ریاستی صدر نے یہ بھی کہا کہ سرمایہ کاروںکے بہار کی طرف رخ کرنے کی ایک اہم وجہ یہ ہے کہ یہاں کے نوجوان محنتی اور ہنر مند ہیں۔