پٹنہ، 28 اپریل (یواین آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر پچھلے دس سال میں نوجوانوں سے کھوکھلے وعدے کرنے اور ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کے لئے عوامی طور پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
مسٹر یادو نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے تمام اعلیٰ لیڈران لوک سبھا انتخابات میں اپنی مہم کے دوران عوامی مفاد کے حقیقی مسائل پر بات نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "وہ صرف ‘منگل سوتر’ اور دیگر مسائل کے بارے میں بات کرکے لوگوں کی توجہ کو گمراہ کرنے اور ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں جن کا لوگوں سے کوئی تعلق نہیں ہے” ۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے نوجوانوں کو ہر سال کروڑوں نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن پچھلے دس سالوں میں یہ محض ایک انتخابی نعرہ بن کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی بہار کو خصوصی درجہ دینے کے وعدے کو بھول گئے اور ریاست کو خصوصی پیکیج تک نہیں دیا۔بی جے پی کو پچھلے دس سال میں نوجوانوں سے کئے گئے کھوکھلے وعدوں اور ملک کے لوگوں کو گمراہ کرنے کے لئے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ عوام بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات میں منہ توڑ جواب دیں گے۔