لکھنؤ:(یواین آئی) سماجو ادی پارٹی(ایس پی) کے قومی صدر و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ ریزرویشن مخالف بی جے پی بلدیاتی انتخابات میں او بی سی ریزرویشن پر گھڑیالی آنسو بہارہی ہے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ آج بی جے پی نے پسماندہ طبقات کے ریزرویشن کا حق چھینا ہے۔ کل بی جے پی بابا صاحب کے ذریعہ دئیے گئے دلتوں کے ریزرویشن کو بھی چھین لے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے نہ صرف پچھڑوں کو دھوکہ دیا ہے بلکہ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے دئیے آئین کو بھی ختم کرنے کی سازش کی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں او بی سی کا ریزرویشن ختم کرنے کا فیصلہ بدقسمت ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت کے سامنے جان بوجھ کر حقائق سے پرے شواہد پیش کئے گئے۔ اترپردیش کی 60فیصدی آباد کو ریزرویشن سے محروم کردیا گیا۔ بی جے پی نے من مانی کاروائی اپنے فائدے کے لئے ہی کیا تھا۔سابق وزیر اعلی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی نے ڈاکٹر رام منوہرلوہیا اور سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کے خیالات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ہمیشہ انصاف کی لڑائی لڑی ہے۔ ذات کی بنیاد پر مردم شماری اور سماجی انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایس پی کی اس انصاف کی لڑائی سے خائف ہے۔ بی جے پی نے اس سے پہلے 17کافی پچھڑی ذاتیوں سے بھی جھوٹ بولا ہے۔
یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی پچھڑ ا مخالف نیت صاف ہوگئی ہے۔ بی جے پی جو خود نہیں کرپاتی وہ مفاد عامہ کے عرضیوں کے ذریعہ سے کرواتی ہے۔ بی جے پی کی چال،کردار اور چہرہ ساری دنیا کے سامنے اجاگر ہوگیا ہے۔ جو خود کو پسماندہ سماج کا بہی خواہ بتاتے تھے وہ بی جے پی میں آج بندھوا مزدور کی طرح دکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت سماج میں پسماندہ طبقات کی نمائندگی کو ختم کرنے کا منصوبہ بنارہی تھی۔ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے ذریعہ دئیے گئے سماجی انصاف ڈھانچے کو بی جے پی پوری طرح سے ختم کرنا چاہتی ہے۔ انتودئے کا جملہ دینے والوں نے جس طرح دھوکہ دھڑی سے سماج کو پسماندہ طبقات کاحق، احترام اور حقوق چھیننے کا کام کیا ہے وہ جمہوریت کے لئے مایوس کن ہے۔یادو نے ریزرویشن بچانے کی لڑائی میں پسماندہ طبقات اور دلتوں کو ان کی پارٹی کے ساتھ آنے کی اپیل کی اور کہا کہ پہلے پسماندہ طبقات کا ریزرویشن ہو پھر الیکشن ہو ایس پی ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔