چنئی: تمل ناڈو میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ایک افسر کو رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس افسر کا نام انکت تیواری بتایا جاتا ہے۔ اسے جمعہ کو دنڈیگل-مدرائی ہائی وے سے گرفتار کیا گیا تھا۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق تامل ناڈو پولیس نے اس افسر کو 20 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔
انکت تیواری اس سے قبل گجرات اور مدھیہ پردیش میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں کام کر چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انکت کو ایک شخص سے 20 لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

اس شخص نے انکت تیواری کے بارے میں تمل ناڈو پولیس کے ویجیلنس اینڈ اینٹی کرپشن ڈائریکٹوریٹ سے رابطہ کیا تھا۔ اس کے بعد جال بچھایا گیا اور تیواری کو گرفتار کر لیا گیا۔ رشوت کی رقم قبول کرنے کے کچھ دیر بعد تیواری کو صبح 9 بجے ان کی کار سے گرفتار کر لیا گیا۔
جنوبی ہند میں حالیہ مہینوں میں مرکزی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے کسی افسر کی گرفتاری کا یہ پہلا معاملہ ہے۔ حالانکہ اس سے پہلے راجستھان اور دہلی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے اہلکاروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔