دوسرے نمبر پر عام آدمی پارٹی ، اے ڈی آر کے اعداد و شمار کا انکشاف
نئی دہلی : علاقائی جماعتوں کو عطیہ دینے کے معاملے میں مالیاتی سال 2021-22 میں بی آر ایس کو سارے ملک میں سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے ۔ بی آر ایس کو جملہ 40.9 کروڑ روپئے کے عطیات وصول ہوئے ہیں ۔ اس کے بعد دوسرے نمبر پر اروند کجریوال کی قیادت والی عام آدمی پارٹی ہے ۔ جس کو 38.2 کروڑ روپئے عطیات وصول ہوئے ہیں ۔ ایسوسی ایشن فار ڈیموکرٹیک ریفارمس نے ان اعداد و شمار کا انکشاف کیا ہے ۔ ملک کی دیگر علاقائی جماعتوں میں بی آر ایس ، عام آدمی پارٹی کے بعد جے ڈی ایس کو سب سے زیادہ چندہ ملا ہے ۔ پارٹی کو عطیات کی شکل میں 33.2 کروڑ روپئے وصول ہوئے ہیں ۔ اس کے علاوہ سماج وادی پارٹی کو 29.7 کروڑ روپئے وصول ہوئے ہیں ۔ اے ڈی آر رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وائی ایس آر سی پی کو 20 کروڑ روپئے کے عطیات وصول ہوئے ہیں ۔ یہ اعداد و شمار متعلقہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی تفصیلات کی بنیاد پر سامنے آئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق ملک کی تمام 26 علاقائی جماعتوں کو 189.8 کروڑ روپئے عطیات کی شکل میں ملے ہیں۔ ان میں سے 5 جماعتوں کو 162.21 کروڑ روپئے کے عطیات وصول ہوئے ہیں ۔ تاہم اے آئی اے ڈی ایم کے بی جے ڈی ، این ڈی پی پی ، این ڈی ایف ، اے آئی ایف بی ، پی ایم کے ، جے کے این سی نے انہیں وصول ہوئے عطیات کی تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا ہے ۔ جب کہ الیکشن کمیشن نے اسی ماہ عام آدمی پارٹی کو قومی جماعت کی حیثیت سے تسلیم کرلیا ہے ۔۔