لکھنو: اتر پردیش کے اناؤ میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں لکھنؤ آگرہ ایکسپریس وے پر ایک ٹینکر اور ایک ڈبل ڈیکر بس میں ٹکر ہوئی جس کے بعد بس کئی بار الٹ گئی۔ اس حادثے میں 18 مسافروں کی موت ہو گئی، جب کہ 30 سے زیادہ لوگ زخمی بتائے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈبل ڈیکر بس بہار کے سیتامڑھی سے دہلی جا رہی تھی۔ صبح تقریباً ساڑھے چار بجے جب اناؤ کے بہٹا مجاور تھانہ علاقے کے گڑھا گاؤں کے سامنے بس پہنچی تو دودھ سے بھرے ایک تیز رفتار ٹینکر نے اسے پیچھے سے اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی اور دونوں میں تصادم ہو گیا۔یہ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ ڈبل ڈیکر بس کئی بار الٹ کر دو حصوں میں بٹ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایم اور ایس پی موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔
راہگیروں نے اس حادثے کی اطلاع پولیس کو دی تھی۔ اطلاع ملتے ہی بانگرمؤ کے انسپکٹر بھاری پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ وہ زخمیوں کو علاج کے لیے بانگرمؤ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر پہنچایا گیا۔ یہاں ڈاکٹروں نے 18 لوگوں کو مردہ قرار دیا۔ ڈاکٹروں نے شدید زخمی مسافروں کو لکھنؤ کے ٹراما سینٹر ریفر کر دیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 14 مرد، تین خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔
زخمیوں سے بہتوں کی حالت سنگین ہے، اس لیے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔یہ واقعہ ضلع اناؤ کے پاس پیش آیا، جہاں ضلع مجسٹریٹ گورانگ راٹھی نے بتایا کہ بس بہار کے ضلع موتیہاری سے دہلی جا رہی تھی اور بس نے ”دودھ کے ٹینکر کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ ٹکر کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس کے پرخچے اُڑ گئے اور مسافر گاڑی سے باہر گرنے لگے۔ان کا کہنا تھا کہ آج صبح تقریباً سوا بجے، موتیہاری، بہار سے آنے والی ایک پرائیویٹ بس، دودھ کے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں اٹھارہ لوگوں کی جانیں چلی گئیں، اور 19 دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس اور ایمرجنسی سروسز کے دیگر اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔ جائے وقوعہ سے ملنے والی تصاویر میں زمین پر بکھری لاشیں، بس کے ٹوٹے ہوئے ٹکڑے اور تباہ شدہ شیشے کے ٹکڑے دیکھے جا سکتے ہیں۔حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ادھر وزیر اعظم کے دفتر نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سوشل میڈیا ایکس پر جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری گہری تعزیت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔ ضلعی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں تیز کریں۔حکام کے مطابق شدید طور پر زخمی افراد کو اعلیٰ سطح کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ کئی مقامی ہسپتالوں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ دیاشنکر سنگھ نے اس مہلک حادثے کا نوٹس لیا اور مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے اہلکاروں کو تمام زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔