نئی دہلی، 09 ستمبر (یواین آئی) اشیاء اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کونسل نے کینسر کی دوائیوں پر جی ایس ٹی کی شرح کو 12 فیصد سے کم کر کے پانچ فیصد کرنے اور کئی دیگر مصنوعات اور خدمات پر جی ایس ٹی کی شرحوں میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی صدارت میں پیر کو یہاں ہوئی کونسل کی 54ویں میٹنگ میں یہ فیصلے کئےگئے۔
میٹنگ کے بعد محترمہ سیتا رمن نے صحافیوں کو بتایا کہ کینسر کی دوائیوں پر جی ایس ٹی کی شرح بھی کم کی جا رہی ہے۔ کینسر کے علاج کی لاگت کو مزید کم کرنے کے لیے اسے 12 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کیا جا رہا ہے۔ جی ایس ٹی کونسل نے کینسر کی دوائیوں ٹراسٹوزوماب ڈیروکسٹیکن،اوسیمرٹینیب اور ڈوروالُمیب پر جی ایس ٹی کی شرح کو 12 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کرنے کی سفارش کی ہے۔
محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ کینسر کی ادویات پر جی ایس ٹی کی شرح 12 سے کم کر کے 5 فیصد کر دی گئی ہے اور نمکین پر جی ایس ٹی کو 18 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد کر دیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ جی ایس ٹی کونسل نے لائف اور ہیلتھ انشورنس پر ٹیکس کی شرح کو کم کرنے کے لیے وزراء کا ایک گروپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ میں آن لائن گیمنگ اور کیسینو سے ہونے والی آمدنی پر جی او ایم کی اسٹیٹس رپورٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تقریباً 6 ماہ میں آن لائن گیمنگ سے ہونے والی آمدنی سے ریونیو 412 فیصد بڑھ کر 6909 کروڑ ہوگیا ہے۔ کیسینو سے ریونیو چھ مہینے میں 30 فیصد بڑھ کر 214 کروڑ روپے ہوگیا ، یہ موازنہ اکتوبر 2023 سے چھ ماہ پہلے اور چھ ماہ بعد کا ہے۔