رائے پور ( یو این آئی) اسمبلی انتخابات میں کراری شکست کے بعد چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے گورنر کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا ہے۔ مسٹر بگھیل نے آج دیر شام گورنر وشو بھوشن ہری چندن سے ملاقات کی اور اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست کے مدنظر انہیں اپنی حکومت کا استعفی سونپ دیا۔ گورنر ہری چندن نے استعفیٰ قبول کر لیا ہے اور انہیں نئی حکومت کی تشکیل تک عہدے پر برقرار رہنے کے لئے کہا ہے۔
خیال رہے کہ چھتیس گڑھ کے اسمبلی الیکشن میں کانگریس کو ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ یوں تووزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے خود تو الیکشن جیت گئے لیکن ان کی کابینہ کے نو وزرا الیکشن میں شکست کھا گئے ہیں۔اسی طرح اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر چرن داس مہنت نے الیکشن میں جیت گئے ہیں جب کہ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سنت کمار نیتام الیکشن ہار گئے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ ٹی ایس سنگھ دیو اپنی روایتی امبیکاپور سیٹ پر بی جے پی کے راجیش اگروال سے 157 ووٹوں سے ہار گئے ہیں۔ مسٹر سنگھ دیو نے دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دی ہے لیکن ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ آزادی کے بعد پہلی بار کانگریس کو سیتا پور سیٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پہلی بار خوراک کے وزیر امرجیت بھگت سیتا پور سیٹ پر الیکشن ہارے ہیں۔مسٹر بھگت کو بی جے پی کے نئے امیدوار رام کمار ٹوپا نے شکست دی ۔
شہری ترقیات کے وزیر ڈاکٹر شیو ڈاہریا کو آرنگ سیٹ پر بی جے پی کے گرو خوشونت صاحب نے 16500 ووٹوں سے شکست دی۔ساجا سیٹ پر کانگریس کے سینئر لیڈر اور وزیر رویندر چوبے کو بی جے پی کے نئے امیدوار ایشور ساہو نے شکست دی۔کواردھا سیٹ پر سینئر وزیر محمد اکبر کو بی جے پی کے وجے شرما کے ہاتھوں شکست ملی۔ گزشتہ انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ لے کر ریاست میں جیت درج کرنے والے مسٹر اکبر کو 41 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
وزیر موہن مرکام کو ان کی روایتی سیٹ کونڈاگاؤں میں بی جے پی امیدوار قومی نائب صدر لتا اسینڈی نے 18 ہزار ووٹوں سے شکست دی، کوربا سیٹ پر وزیر ریونیو جے سنگھ اگروال کو بی جے پی کے لکھن لال دیوانگن نے 25 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔ داخلہ کے وزیر تامر دھوج ساہو کو درگ دیہی سیٹ پر بی جے پی کے للت چندراکر نے 15 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔وزیر گرو رودر ساہو کو سیٹ بدلنے کے بعد بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
ایکسائز منسٹر کاواسی لکھما نے اپنی روایتی سیٹ کونٹا سے سخت مقابلے میں تقریباً دو ہزار ووٹوں سے الیکشن جیتا ہے۔ان کے علاوہ ہائیر ایجوکیشن کے وزیر امیش پٹیل نے اپنی روایتی سیٹ کھرسیا اور خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر انیلا بھیڈیا نے بی جے پی کے دیو لال ٹھاکر کو 35 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی ۔اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر چرنداس مہنت نے سکتی سیٹ سے بی جے پی کے ڈاکٹر کھیلوان ساہو کو 11 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔