نئی دہلی (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ڈی ٹی سی کی 50 نئی لو فلور الیکٹرک اے سی بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہلی والوں کو آلودگی سے پاک، محفوظ اور زیادہ سہولیات سے لیس پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے دور میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ مسٹر کیجریوال نے آج راج گھاٹ میں واقع ڈی ٹی سی ڈپو سے 50 نئی لو فلور الیکٹرک بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ آج بہت خوشی کا دن ہے کہ دہلی کے لوگوں کے لئے سڑکوں پر 50 نئی لو فلور الیکٹرک بسیں دستیاب ہونے جارہی ہیں۔ اب دہلی کے اندر 300 الیکٹرک لو فلور بسیں اتر چکی ہیں۔ بہت کم وقت میں، ہم نے بہت ساری الیکٹرک بسیں حاصل کی ہیں۔ اس کے لیے تمام عہدیداروں کے ساتھ ساتھ میں دہلی کے لوگوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ یہ سہولت ان کے لیے دستیاب کرائی جارہی ہے۔ دہلی میں اب کل 7379 بسیں ہیں۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ جب اتنی الیکٹرک بسیں آئیں گی تو ہمیں ان کے لیے چارجنگ اسٹیشن اور بس ڈپو کی بھی ضرورت پڑے گی۔ دہلی میں بس ڈپو کی بجلی کاری کا کام تیزی سے جاری ہے۔ کل 56 بس ڈپو کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈپو کی برق کاری پر تقریباً 1500 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ تین ڈپو کو بجلی فراہم کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جون 2023 تک 17 ڈپو اور دسمبر 2023 تک 36 ڈپو کو بجلی فراہم کی جائے گی۔ یہ بسیں بہت اچھی ہیں۔ بسوں میں پینک بٹن، جی پی ایس سسٹم، کیمرہ سمیت بہت سی جدید سہولیات موجود ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی ٹرانسپورٹ کے وزیر کیلاش گہلوت نے کہا، “یہ نئے سال کی ایک شاندار شروعات ہے۔ دہلی حکومت نے آج 300 صفر آلودگی پھیلانے والی الیکٹرک بسوں کو سڑک پر چلانے کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے جس میں مزید 50 نئی لو فلور الیکٹرک بسوں کو محکمہ ٹرانسپورٹ کے بیڑے میں شامل کیا گیا ہے۔ دہلی حکومت، وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی قیادت میں، پورے شہر میں آلودگی سے پاک، محفوظ اور زیادہ آسان پبلک ٹرانسپورٹ خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس کے ساتھ ہی اب محکمہ ٹرانسپورٹ کے بیڑے میں 7379 بسیں شامل ہو چکی ہیں جو کہ اب تک بیڑے میں شامل ہونے والی بسوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ساتھ ہی، 2025 کے آخر تک، بسوں کے بیڑے کا حجم 10,480 ہو جائے گا، جس میں 8,280 الیکٹرک بسیں شامل ہوں گی۔