نئی دہلی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے ڈی پی ایس سوسائٹی میں جبراً داخل ہونے سے متعلق معاملے میں کانگریس رہنما اور سینئر ایڈوکیٹ سلمان خورشید کے خلاف کارروائی پر آج روک لگا دی ہے۔
جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس وکرم ناتھ پر مشتمل سپریم کورٹ کی دو ججوں کی بنچ نے دہلی کے امر کالونی پولیس اسٹیشن میں درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے سلسلے میں مسٹر خورشید کے خلاف کارروائی پر عبوری روک لگا دی۔
مسٹر خورشید اور دو دیگر کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق، ان پر ڈی پی ایس سوسائٹی نے جنوبی دہلی میں ان کے دفتر کے احاطے میں زبردستی داخل ہونے کا الزام لگایا ہے۔
سینئر ایڈوکیٹ کبھی ڈی پی ایس سوسائٹی کے صدر تھے اور ڈی پی ایس متھرا روڈ کے سابق طالب علم ہیں۔ 2008 میں، انہیں سوسائٹی کی فیس وصولی کی پالیسیوں پر تنقید کرکے مبینہ طور پر "ڈی پی ایس مخالف سرگرمیوں” میں ملوث ہونے کی وجہ سے اس کی رکنیت سے نکال دیا گیا تھا۔
عدالت عظمیٰ نے خورشید کی طرف سے دائر اپیل کی سماعت کے بعد یہ حکم جاری کیا، جنہوں نے جون 2018 کے دہلی ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ مسٹر خورشید کی طرف سے سینئر ایڈوکیٹ سدھارتھ لوتھرا سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔