نئی دہلی: معروف ہندوستانی کامیڈین اور ریالٹی شو بگ باس 17 کے فاتح منور فاروقی نے چپکے سے دوسری شادی کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منور فاروقی کا نکاح رواں ماہ ہی میک اپ آرٹسٹ ماہ جبین کوٹ والا سے ہوا تھا۔ اس تقریب میں ان کے گھر والوں اور خاص مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔
اس سلسلے میں میڈیا رپورٹس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ منور نے شادی کرلی ہے، وہ اپنی شادی کی بات کو راز میں رکھنا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی کوئی خاص تصویر بھی آپ کو سوشل میڈیا پر نہیں ملے گی۔ منور کی دوست اداکارہ حنا خان سے متعلق بتایا جارہا ہے کہ انہوں نے منور فاروقی کی شادی کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
حنا خان نے انسٹاگرام اسٹوریز پر منور فاروقی کی تصاویر ایک ویڈیو کی صورت میں شیئر کی جس میں بیک گراؤنڈ میوزک میں گیت میرے یار کی شادی لگایا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ 2022 میں انہوں نے ایک اور ریالٹی شو لاک اپ میں اپنی پہلی شادی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی شادی کامیاب نہیں ہوئی۔