بھوپال، 03 مئی (یو این آئی) مدھیہ پردیش کانگریس نے ریاست میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے اس سلسلہ میں ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے شکایت کی ہے۔ریاستی کانگریس کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق پارٹی نے بھوپال سے بی جے پی امیدوار آلوک شرما کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ یہ الزام لگایا گیا ہے کہ بی جے پی امیدوار انتخابی مہم کے دوران سرکاری املاک کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ بجلی کے کھمبوں، ٹیلی فون کے کھمبوں اور سرکاری اداروں کی دیواریں پروپیگنڈے کے لیے استعمال کی جارہی ہیں۔ یہ ماڈل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، اس لیے اس پر پابندی کے لیے قانونی کارروائی کی جائے۔
مسٹر دھنوپیا نے ودیشا لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار اور سابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان اور بھوجپور کے ایم ایل اے سریندر پٹوا کے بارے میں بھی الیکشن کمیشن کو ایک خط لکھ کر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔ شکایت کے مطابق مسٹر چوہان جمعرات کی رات منڈی دیپ میں انتخابی میٹنگ کر رہے تھے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ میٹنگ رات 10 بجے کے بعد بھی ہو رہی تھی جو کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ ایک پولیس افسر نے میٹنگ کو روکنے کی کوشش کی لیکن بی جے پی لیڈروں نے اسے خاموش کرا دیا۔ انہوں نے کہا کہ منصفانہ انتخابات کے لئے بی جے پی لیڈروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے۔