نئی دہلی، 19 مارچ (یو این آئی) کانگریس کی اعلیٰ ترین پالیسی سازباڈی ورکنگ کمیٹی نے اس معاملے پر تشکیل دی گئی پارٹی کمیٹی کے ذریعہ تیار کردہ منشور کو منظوری دے دی ہے اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کو اسے جلد جاری کرنے کے لئے مجاز بنایا ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری آرگنائزیشن کے سی وینوگوپال نے منگل کو میٹنگ کے بعد پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ ورکنگ کمیٹی نے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک اس موضوع پر گہرائی سے بات چیت کی اور سب کی رضامندی کے بعد مسٹر کھڑگے کو اسے جلد از جلد جاری کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کھڑگے کی صدارت میں ہوئی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی اور دیگر لیڈران موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ، ’’ورکنگ کمیٹی نے مسٹر کھڑگے کو منشور کو حتمی منظوری دینے کا اختیار دیا ہے۔ اس کی ریلیز کی تاریخ کے بارے میں جلد ہی فیصلہ لیا جائے گا۔
کانگریس لیڈر نے کہا، "بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران لیے گئے فیصلے کو آگے بڑھاتے ہوئے، ہم نے پانچ ضمانتوں کا اعلان کیا ہے۔ سی بی ڈبلیو نے ان تمام ضمانتوں کے پیغام کو زمینی سطح تک پھیلانے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔”
کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے کہا، "ورکنگ کمیٹی کی جو میٹنگ ہوئی وہ صرف منشور کے لیے نہیں بلکہ ہمارے ‘نیائے پترا’ کے لیے ہے۔ بی جے پی کے گزشتہ 10 سال کے ناانصافیوں کے دور سے ملک کو آزادی دلانے کے لئے کانگریس پارٹی تیار ہے۔”
انہوں نے کہا کہ مسٹر کھڑگے اور مسٹر راہل گاندھی نے گزشتہ دنوں میں پانچ انصاف کے حوالے سے 25 ضمانتوں کا اعلان کیا ہے۔ میٹنگ میں ان ضمانتوں کے ساتھ ساتھ اقتصادی پالیسی، خارجہ پالیسی، آئینی تحفظ، ماحولیات اور قومی مفاد سے متعلق کئی دیگر انصاف کے ایجنڈوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔