سری نگر، 27 اگست (یو این آئی) آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے جنرل سکریٹری اور سینئر کانگریس لیڈر غلام احمد میر نے منگل کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈورو اسمبلی حلقے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کئے اس دوران جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق قرہ کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے ہمراہ تھی موصوف امید وار نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا: ‘جموں و کشمیر میں گذشتہ دس برسوں سے کوئی عوامی نمائندگی نہیں ہے،جو ظلم یہاں بی جے پی اور مرکزی سرکار نے کئے اس سے لوگوں کا دم گٹھ گیا تھا’۔
انہوں نے کہ: ‘انڈیا الائنس نے پارلیمنٹ کے اندر بھی اور باہر بھی جموں و کشمیر میں جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کیا’۔ان کا کہنا تھا:’جموں وکشمیر کے لوگ اسمبلی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور اچھے ایجنڈے والی جماعت کو ووٹ دیں گے’۔بی جے پی کے کانگریس کے الیکشن منشور پر سوال اٹھانے کے بارے میں مسٹر میر نے کہا:’بی جے پی انڈیا الائنس کے اتحاد سے ڈرتی ہے’۔انہوں نے کہا: ‘ہمیں امید ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگ اس مضبوط اتحاد کو ووٹ دیں گے تاکہ اسمبلی میں ان کی آواز کو بلند کیا جاسکے’۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی 24 سیٹوں کے لئے آج یعنی منگل کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔کاغذات کی جانچ پڑتال 28 اگست کو ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی واپس نکالنے کی آخری تاریخ 30 اگست مقرر ہے۔جموں و کشمیر میں تین مرحلوں پر محیط اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ 18 ستمبر کو جبکہ دوسرا اور تیسرا مرحلہ بالترتیب 18 ستمبر اور یکم اکتوبر کو منعقد ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔