بھوپال (یو این آئی) سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کی ریاستی یونٹ کے صدر کمل ناتھ نے مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو اکثریت ملنے والے ایگزٹ پول پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک ٹیلی ویژن سے نہیں، ویژن سے چلتا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے بعد کانگریس حکومت پر مہر لگے گی۔
مسٹر کمل ناتھ نے کل رات ٹویٹر پر پوسٹ کیا، "میں کانگریس کے تمام کارکنوں کو اپنی طاقت یاد دلانا چاہتا ہوں۔ آپ لوگ کانگریس کی اصل طاقت ہیں اور آپ کی محنت اور لگن کی وجہ سے عوام نے کانگریس پارٹی کی حمایت میں بھاری اکثریت سے ووٹ دیا ہے۔ جب 3 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی تو کانگریس حکومت پر عوام کی مہر لگے گی۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کمل ناتھ نے کہا کہ ملک ٹیلی ویژن سے نہیں، ویژن سے چلتا ہے۔ کئی ایگزٹ پول میں کانگریس پارٹی کو حکومت بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ کوئی ان سب سے آپ کی توجہ ہٹانے نہ دیں۔ ارجن کی طرح آپ کو بھی اپنی نظریں صرف اپنے مقصد پر رکھنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو اپنی پوری توجہ گنتی کے دن پر مرکوز کرنی ہوگی اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کانگریس کو ملنے والے ہر ووٹ کی صحیح گنتی کی جائے اور ریاست میں واضح اکثریت کے ساتھ کانگریس کی حکومت بنے۔