بہرائچ:10ستمبر(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے مورتیہا کوتوالی علاقے میں منگل کی شام بھینس نہلانے گئے ایک بچے کی مگر مچھ کے حملے سے موت ہوگئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مورتیہا کوتوالی علاقے میں واقع گوکلپور گرام باشندہ دسال کا معصوم شعبان نالے میں مویشی کو نہلا رہا تھا کہ تبھی اس میں موجود مگر مچھ نے حملہ کردیا۔ اس حملے میں معصوم کی موت ہوگئی۔
ادھربہرائچ سے ایک دوسری خبر میں بتایا گیا ہے کہ اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے مہسی علاقے میں دہشت کی مثال بنا ایک اور آدم خور بھیڑیا آج پنجرے میں قید ہوگیا۔محکمہ جنگلات کے ذرائع کے مطابق بھیڑیا کو ٹریس کرنے کے لئے گاؤں و کھیت کے کنارے نائٹ ویژن کیمرے لگائے گئے تھے۔ محکمہ جنگلات کی 25 ٹیمیں بھیڑئیے کی تلاش میں لگاتار سرچ آپریشن کررہی تھیں۔
آج صبح مہسی علاقے کے ہر بخش پوروا گرام میں پانچویں آدم خور بھیڑئیے کو پکڑ لیا گیا۔ چیف جنگلات محافظ(سنٹرل خطہ) رینو سنگھ نے بتایا کہ گذشتہ رات ہی بھیڑئیے کی لوکیشن ٹریس ہوئی تھی لیکن رات ہونے کی وجہ پکڑا نہیں جاسکا۔ آج صبح مادہ بھیڑیا پکڑی گئی ہے۔ اسے کسی چڑیا گھر میں بھیجا جائے گا۔