نئی دہلی، 14 نومبر (یو این آئی) قومی دارالحکومت کے شکر پور علاقے میں منگل کو ایک عمارت میں آگ لگ جانے سے ایک خاتون کی موت اور 10 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ دہلی فائر سروس نے یہ اطلاع دی۔دہلی فائر سروس (ڈی ایف ایس) کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے بتایا کہ شکرپور میں ایک عمارت میں لگنے والی آگ میں 26 لوگوں کو بچا لیا گیا، جب کہ پانچ دیگر نے بالکونی سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔شکرپور کے گراؤنڈ پلس تین منزلہ عمارت میں 31 افراد پھنس گئے تھے جن میں سے 26 لوگوں کو دہلی فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے بچایا اور باقی پانچ نے بالکونی سے چھلانگ لگا دی۔ ڈی ایف ایس حکام نے بتایا کہ ان میں سے دس کو جی ٹی بی اسپتال، ایل بی ایس اسپتال اور ہیڈگیوار اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے 40 سالہ خاتون کو مردہ قراردے دیا۔
مسٹر گرگ نے کہا، "ڈی ایف ایس اہلکار سمے سنگھ سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے گر پڑے جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئے اور انہیں ایل بی ایس ہسپتال لے جایا گیا اور ابتدائی طبی امداد کے بعد چھٹی دے دی گئی۔”
ڈی ایف ایس کے مطابق ابتدائی طور پر تین فائر انجنوں کو موقع پر بھیجا گیا تھا، لیکن بعد میں جب محکمہ کو فون آیا کہ عمارت کے اندر بہت سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں، اہلکاروں سمیت مزید پانچ فائر انجن موقع پر پہنچے.