لکھنؤ:دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ناظم و آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندویؒ کے انتقال پر اتر پردیش سنی سینٹر ل وقف بورڈ کے چیئر مین جناب زفر احمد فاروقی نے اپنے رنج وغم کا اظہار کر تے ہو ئے تعزیت پیش کی ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں جناب زفر احمد فاروقی نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے عظیم ترین سرمایہ کا غروب ہو جانا افسوس ناک ہے ۔ حضرت کی شخصیت بے پناہ خوبیوں کی مالک تھی۔ علم و ادب، اخلاص و للہیت، زہد و تقوی، شفقت و محبت، فکر و عمل جیسے اوصاف و کمالات کے پیکر تھے۔ خاموش طبیعت ، تحمل و برداشت خودداری و بے نیازی آپ کی ذات میں شامل تھی۔آپ کی ذات فکر و نظر، عمل و دیانت، تفقہ و تدبیر، ایثار، خلوص و للہیت کی مجموعہ تھی آپ ایک بہترین استاذ مخلص داعی اور محقق تھے ۔جن سے علمی ادبی و سیاسی دنیا میں رہنمائی حاصل کی جاتی تھی ۔آپ نے فکر و فن اور عمل و جہد کے نئے چراغ روشن کئے ۔آپ کی وفات پوری ملت کے لئے حادثہ عظیم ہے جناب زفر احمد فاروقی نے کہا حضرت مولا نا رابع جیسی ہمہ جہت شخصیت صدیوں میں پیدا ہو تی ہے جنہیں دینی و دنیوی علوم پر یکساں دسترس حاصل تھی ۔ندوہ کی نظامت کے ساتھ ساتھ مسلم پرسنل لاء بورڈکی قیادت بھی آپ نے عمر کے آخری لمحہ تک فرمائی ۔اتنی مصروفیات کے باوجود کئی درجن کتابیں تصنیف فرمائی۔آپ نے اپنی پوری زندگی نظم و ضبط اور علم و ادب کے مطالعہ میں گزاری تھی ۔آپ نے طلباء و علماء کی ایسی کھیپ تیار کر دی ہے جو اسلام کے چراغ کو ہر آندھی میں بجھنے سے بچانے کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے ۔اللہ تعالیٰ پسماندگان کو صبر جمیل اور مر حوم کو جنت الفردوس عطا فرمائے ۔امین