نئی دہلی، 8فروری(یو این آئی)مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندرپردھان 10 فروری کو پرگتی میدان میں نیشنل بک ٹرسٹ کے زیر اہتمام 9روزہ عالمی کتاب میلے کا افتتاح کریں گے یہ اطلاع نیشنل بک ٹرسٹ انڈیا کے ڈائرکٹر شری یوراج ملک نے یہاں اخباری نمائندوں کو دی. اس موقع پر سعودی عرب کی طرف سے معزز مہمان دی لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کے پبلشنگ جنرل منیجر ڈاکٹر عبداللطیف الواصل اور آئی ٹی پی او کی جنرل منیجر مسز ہیما میتی بھی موجود تھیں۔ ڈاکٹر عبداللطیف الواصل نے کہا کہ بین الاقوامی پلیٹ فارم پر قارئین کو سعودی عرب کے مالامال ادب کے ساتھ ساتھ 16 مختلف ثقافتی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ یہ ادبی میلہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی ورثے، زبان اور ثقافت کی تفہیم کو فروغ دے گا اور ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان بین الاقوامی تعلقات کو مزیدمستحکما کرے گا۔
مسٹر یوراج ملک نے عالمی کتاب میلے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا کتاب میلہ صرف ایک پروگرام نہیں بلکہ یہ ایک اتسو ہے، جس میں قارئین کو کتابوں کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی متنوع ثقافت اور لوک فن کی جھلک بھی دیکھنے کو ملے گی۔ اس مرتبہ 1000 سے زیادہ پبلشراس میں حصہ لے رہے ہیں۔ فیسٹیول آف فیسٹیولس میں احمد آباد لٹریچر فیسٹیول، سنیما دربار، بھارت ساہتیہ مہوتسو، پرگتی وچار کے نمائندوں کو دنیا کے سب سے بڑے کتاب میلے میں مدعو کیا گیا ہے۔ وہ ادبی، ثقافتی سرگرمیاں منعقد کر سکتے ہیں اور عالمی کتاب میلے کے پلیٹ فارم سے کتابیں بھی جاری کر سکتے ہیں۔ عالمی کتاب میلے میں 40 سے زائد ممالک کے پبلشرز اور نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ یہ B2C سطح پر سب سے بڑا کتاب میلہ ہے۔ قارئین کو یہاں دنیا کی تقریباً تمام زبانوں کے نمائندوں سے روبرو ہونے کا موقع ملے گا۔
انھوں نے مزید کہاکہ پرگتی میدان کے ہال نمبر 1 سے 5 میں منعقد ہونے والے اس کتاب میلے میں قارئین کو ہال 1 میں سائنس، علوم انسانی اور فلسفہ کی کتب ملیں گی۔ ہال 2 میں ہندوستانی زبانوں کے مصنفین مختلف ادبی موضوعات، کتابوں اور دیگر موضوع پر گفتگو کریں گے۔ اس کے لیے رائٹر پلیٹ فارم بنایا گیا ہے۔ ہال نمبر 3 بچوں کے لیے مختص ہے، جس میں بچوں سے متعلق ہر مضمون کی کتابیں، اسٹیشنری، آرٹس اینڈ کرافٹس وغیرہ کا مواد دستیاب ہوگا۔ بال منڈپ میں بچوں کے لیے مختلف تخلیقی سرگرمیوں کے انتظامات ہوں گے۔ ہال 4 بین الاقوامی سرگرمیوں کی میزبانی کرے گا اور ہال 5 تھیم پویلین ہوگا۔
عالمی کتاب میلے میں اس بار بہت سی خاص چیزیں ہوں گی۔ ای لرننگ کے تئیں جوش و خروش کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل ڈیجیٹل لائبریری کا آغاز کیا جائے گا۔ بچوں کے لیے ای میجک باکس عالمی کتاب میلے میں ہی ملک کے لیے وقف کیا جائے گا۔ اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹ ‘انڈیا دی مدر آف ڈیموکریسی’ پر ایک خصوصی نمائش کا اہتمام کرے گا۔ بین الاقوامی سطح پر منعقدہ اشاعتی دنیا کے سی ای او اسپیک کا انعقاد 11 فروری کو کیا جائے گا۔ نئی دہلی میں 11 تا 12 فروری تک رائٹس ٹیبل کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس بار جموں کشمیر، لداخ اور ہندوستان کے مختلف حصوں سے بینڈ آرہے ہیں، جو عالمی کتاب میلے کی ادبی فضا کو بڑھا دیں گے۔
اس مرتبہ کا تھیم کثیر لسانی ہندوستان: ایک زندہ روایت ہے، جس کو ذہن میں رکھتے ہوئے عالمی کتاب میلے میں ہر عمر کے لیے ہر زبان میں کتابیں دستیاب ہوں گی۔ اس موضوع پر بات کرتے ہوئے پروفیسر ملند سدھاکر مراٹھے، چیئرمین، نیشنل بک ٹرسٹ، انڈیا نے کہاکہہندوستان زبانوں سے مالا مال ملک ہے۔ شیڈول 8 میں 22 زبانوں کا ذکر ہے لیکن زبانوں اور بولیوں کی تعداد کی کوئی حد نہیں ہے۔ آپ کو مختلف زبانوں میں ایک لفظ ملے گا۔ پوری دنیا کا علم ہندوستانی زبانوں میں دستیاب ہے۔ ادب اس میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس بار عالمی کتاب میلے میں زبانوں کا ادبی جشن منایا جائے گا۔