الہ آباد ہائی کورٹ نے اتر پردیش کے تمام ضلع اور سیشن عدالتوں کے ججوں کو اس بابت لکھا خط
پریاگ راج: الہ آباد ہائی کورٹ نے اتر پردیش کے تمام ضلع اور سیشن عدالتوں کے ججوں سے کہا ہےکہ وہ دو ہفتے کے اندر ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ کریں۔
ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ جج ستیندر کمار انٹیل بمقابلہ سی بی آئی میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر ضمانت کی درخواستوں کو دو ہفتے کے اندر نمٹا دینا چاہیے۔
ہائی کورٹ کی یہ ہدایت رجسٹرار جنرل نے اتر پردیش کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کو دی ہے۔اس خط میں سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں ضمانت کی درخواستوں پر ججز کی جانب سے غیر سنجیدگی سے متعلق رویہ اختیار کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
اس میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں وقتاً فوقتاً واضح ہدایات جاری ہونے کے باوجود سستی کی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ مارچ 2023 میں سپریم کورٹ نے کہا کہ ستیندر کمار انٹیل کیس میں فیصلہ سنائے جانے کے دس ماہ بعد بھی ضلعی عدلیہ ہدایات پر عمل نہیں کر رہی ہے۔