جموں (یو این آئی) سینئر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی دگ وجے سنگھ کے سرجیکل اسٹرائیکس کے متعلق بیان سے متفق نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج پر پورا بھروسہ ہے اور جو وہ کرتے ہیں اس کا ثبوت نہیں مانگا جانا چاہئے ان کا کہنا تھا کہ یہ دگ وجے سنگھ کی ذاتی رائے ہے پارٹی کا اس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے دگ وجے سنگھ کے سرجیکل اسٹرئیکس کے متعقل بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا: ’دگ وجے سنگھ جی نے جوکہا ہے اس سے میں اتفاق نہیں کرتا ہوں ہمیں اپنی فوج پر پورا بھروسہ ہے جو کچھ وہ کرتے ہیں ہمیں اس کا ثبوت نہیں مانگنا چاہئے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’یہ ان کی ذاتی رائے ہے پارٹی کو اس رائے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے‘۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ ہماری پارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے اس میں تانا شاہی نہیں ہے اس میں ہر معاملے پر گفت شنید ہوتی ہے۔کشمیری پنڈتوں کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کے بارے میں انہوں نے کہا: ’پنڈتوں کی اس وفد نے شکایت کی کہ بی جے پی ہمیں ایک سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’پنڈتوں نے مجھے بتایا کہ ہمارے لئے جو کچھ کیا گیا وہ کانگریس نے منموہن سنگھ جی کے دور اقتدار کے دوران کیا گیا‘۔موصوف لیڈر نے کہا کہ پنڈتوں نے مجھ سے ان کے مسائل پارلیمنٹ میں اجاگر کرنے کی استدعا کی۔انہوں نے کہا کہ ایک لیڈر کے بیان سے یاترا متاثر نہیں ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا: ’یاترا نے دو نظریوں کو واضح کیا اور اس یاترا نے ملک کے بیانیے کو تبدیل کر دیا‘۔