نئی دہلی(یواین آئی) عربی زبان وادب ، اسلامیات اور تاریخ کے میدان میں ازبکستان کی علمی سرگرمیاں نہایت اہمیت کی حامل ہیں، ازبیکستان میں عربی زبان وادب کا دائرہ بھی وسیع ہوا ہے اور مختلف یونیورسٹیوں میں اس زبان کی تعلیم وتحقیق کا عمل جاری ہے اور اس حوالے سے وہاں کے لوگوں کی دلچسپیاں قابل ِ دید ہیں ان خیالات کا اظہار آج شعبۂ عربی دہلی یونی ورسٹی کے دورہ کے دوران منعقدایک علمی نشست میں ازبکستان کے انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹکسٹائل کے شعبۂ تاریخ کے استاذ ڈاکٹر ظفر نجم الدین اوف نے کیا۔

دہلی یونیورسٹی کے شعبہ عربی کی ایک ریلیز کے مطابق ڈاکٹر ظفر نجم الدین اوف ازبیکستان میں فقہ حنفی کے اسکالر ہیں اور فقہ حنفی کے مختلف پہلؤوں پر ان کی ریسرچ معاصر دور کاایک اہم کام شمار کیا جاتا ہے۔علمی نشست کی صدارت کررہے دہلی یونیورسٹی کے شعبہ فارسی کے صدر اورازبیکستان کے لال بہادر شاستری سینٹر فار انڈین کلچر تاشقند کےڈائریکٹر رہ چکے پروفیسرچندرشیکھر نے مہمان کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ازبیکستان ہر دورمیں علم ومعرفت کا ایک اہم گہوارہ رہاہے اور وہاں کی لائبریریوں میں عربی،فارسی اور اسلامیات کے موضوع پر متعدد نایاب مخطوطات اور علمی ذخائر موجود ہیں، ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان معاشی اور علمی سرگرمیوں کی تاریخ بڑی اہمیت کی حامل ہےاورحالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے باہمی معاشی، لسانی وثقافتی تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں ۔انھوں نے مزید کہا کہ متعدد ہندوستانی اس ملک میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ابھی ازبیکستان میں موجود ہندوستانی سفارت خانہ کو دارالعلوم دیوبند ،ندوۃ العلما اور دیگر اسلامی ادراوں کی جانب سے اسلامیات کے موضوع سے متعلق تقریبا پانچ سو کتابوں کا تحفہ پیش کیا جائے گا جن کا ازبک زبان میں ترجمہ کیا جائے گا، ان کتابوں کے انتخاب اور فراہمی میں شعبۂ عربی دہلی یونیورسٹی بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔
شعبۂ عربی دہلی یونیورسٹی کے صدر پروفیسر سید حسنین اختر نےشعبہ میں مہمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دہلی یونیورسٹی کا شعبہ عربی ہندوستان کے قدیم ترین عربی شعبہ جات میں سے ایک ہے جس کی علمی ،ادبی اور اکیڈمک سرگرمیاں نمایاں ہیں۔انھوں نے شعبہ عربی دہلی یونیورسٹی میں تشریف لانے پر مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہندوستان اور ازبیکستان کے مابین عربی زبان وادب کے فروغ کے لیے ہر طرح کا تعاون پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔آج کی نشست میں شعبہ کے اساتذہ پروفیسر نعیم الحسن سابق صدر شعبہ عربی دہلی یونی ورسٹی، ڈاکٹر مجیب اختر، ڈاکٹر محمد اکرم، ڈاکٹر اصغر محمود، اور گیسٹ اساتذہ ڈاکٹر آصف اقبال، ڈاکٹر ابو تراب، محمد اسامہ سمیت ریسرچ اسکالر ز وطلبہ موجود رہے۔