واشنگٹن: خبر رساں ادارے اے ایف پی نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ بحر ہند میں اسرائیلی کارگو جہاز پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔ امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے پیچھے ایران کے پاسداران انقلاب کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے، ایک امریکی اہلکار نے کہا "ہم بحر ہند میں ایک کارگو جہاز پر پر فائر کی اطلاعات سے آگاہ ہیں۔”
حکام کے مطابق حملے میں جہاز کو معمولی نقصان پہنچا اور کوئی زخمی نہیں ہوا۔خیال رہے کہ اس سے صرف ایک ہفتہ قبل ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں اسرائیل سے تعلق رکھنے والے ایک مال بردار جہاز پر قبضہ کر لیا تھا۔ اسی دوران لبنان کے حزب اللہ سے وابستہ میڈیا چینل المیادین نے بھی بحر ہند میں اسرائیل سے تعلق رکھنے والے جہاز پر ڈرون حملے کی رپورٹ شائع کی ہے۔ تاہم چینل نے اپنی رپورٹ میں یہ نہیں بتایا کہ اس جہاز پر حملہ کیسے ہوا یا یہ حملہ کس نے کیا۔ حال ہی میں یمن میں حوثی باغیوں کے ترجمان نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل یا اسرائیلی کمپنیوں کے تمام جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ حوثی باغیوں نے کہا تھا کہ فلسطینیوں کی حمایت میں اسرائیلی پرچم لہراتے ہوئے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنایا جائے گا۔