چنڈی گڑھ، 10 اگست (یو این آئی) پنجاب پولیس نے مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے جرمن پولیس کی جانب سے مطلوب بین الاقوامی منشیات اسمگلر کو 487 کلو گرام کوکین ا سمگلنگ کیس میں موگا سے گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گورو یادو نے ہفتہ کو کہا کہ اسمگلر کی شناخت سمرنجوت سنگھ سندھو (30) کے طور پر کی گئی ہے، جو جرمنی (2020) میں 487 کلو گرام کوکین اسمگلنگ کیس کا سرغنہ ہے۔ یہ پیشرفت موگا پولیس کی طرف سے مقامی منشیات کے اسمگلروں بینت سنگھ اور سکھدیپ سنگھ کی گرفتاری کے بعد مکمل تفتیش کے بعد سامنے آئی ہے، جنہیں 16 جون 2024 کو ایک کلو ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے بیان پر، موگا پولیس نے مندیپ سنگھ کا نام لیا تھا – جو اس وقت امریکہ میں رہتا ہے، اور سمرنجوت سنگھ، جو مبینہ طور پر ان کی ہدایات پر پنجاب میں ہیروئن کے خریداروں کی تلاش کر رہا تھا۔
آئی جی پی نے کہا کہ ملزم سمرن جوت 11 ماہ سے گرفتاری سے بچنے کے لیے امرتسر، چنڈی گڑھ، راجستھان، موگا وغیرہ سمیت ہندوستان کے مختلف مقامات پر رہ رہا تھا۔