غزہ :غزہ کی وزارتِ صحت نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا کہ اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان جنگ کے نو ماہ سے زیادہ عرصے میں کم از کم 39,324 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مذکورہ تعداد میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی کم از کم 66 اموات شامل ہیں۔ نیز وزارت نے کہا ہے کہ سات اکتوبر کے حملے کے نتیجے میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ کی پٹی میں 90,830 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
ادھر خبر ہے کہ اتوار کو غزہ پٹی کے شمال اور جنوب میں غزہ شہر اور خان یونس پر الگ الگ اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم نو فلسطینی ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع فلسطینی ذرائع نے دی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے خان یونس کے مغرب میں المواسی کے علاقے میں فلسطینیوں کے ایک اجتماع پر دو میزائل داغے۔طبی ذرائع نے بتایا کہ اس حملے میں ایک بچے سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے۔سول ڈیفنس کے مطابق، ایک اور اسرائیلی حملے میں غزہ شہر کے مغرب میں تل الحوا محلے میں چار فلسطینی مارے گئے۔اسرائیلی فوج نے ابھی تک ان واقعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔