نئی دہلی( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک): کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے اپوزیشن اتحاد کے تعلق سے علاقائی پارٹیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہاتھی جاگ رہا ہے۔ ان کا اشارہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن کی جانب سے علاقائی جماعتوں کی نمائندگی کی طرف تھا۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب علاقائی پارٹیوں نے کانگریس کی قیادت میں ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تیجسوی یادو نے کئی ریاستوں میں کانگریس کی قیادت پر سوال اٹھائے ہیں، انہوں نے ایک دن پہلے کہا، کانگریس کو ان سیٹوں پر لڑنا چاہئے جہاں اس کا بی جے پی سے براہ راست مقابلہ ہے، لیکن جہاں بھی علاقائی پارٹیاں مضبوط ہیں، جیسے بہار میں، اسے ہمیں ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھنے دینا چاہئے۔ جے رام رمیش نے پیر کوبھارت جوڑو یاترا پر ایک پریس کانفرنس میں زور دے کر کہا کہ اپوزیشن اتحاد کا مطلب کانگریس کو کمزور کرنا نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے اتحادیوں کو بھی سمجھنا چاہیے کہ ہم خود کو مزید کمزور نہیں ہونے دیں گے۔
آج سفریعنی کے اختتام کے بعد کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے جانکاری دی کہ کل کا دن آرام کے لیے مختص ہے، اور اس کے اگلے دن پھر یاترا شروع ہوگی۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ’’بھارت جوڑو یاترا کا ساتواں دن ختم۔ اب تک 150 کلومیٹر مکمل ہو چکا ہے۔ آج دوپہر راہل گاندھی نے کولم ضلع کے چتھنور میں طلبا کے ساتھ بات چیت کی۔ شام کی پدیاترا میں زبردست بھیڑ دکھائی دی۔ کل سبھی کے لیے آرام کا دن ہے، اور پدیاترا کولم سے اگلے دن پھر سے شروع ہوگی۔‘‘
آپ کوبتادیں کہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہل گاندھی مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ آج ان کی ملاقات کچھ ایسے آٹو ڈرائیورس سے ہوئی جو بڑھتی ہوئی مہنگائی میں اپنی آمدنی کم ہونے سے بہت پریشان ہیں۔ ان آٹو ڈرائیورس نے راہل گاندھی کو بتایا کہ پہلے دن بھر میں وہ 500 روپے تک کمائی کر لیتے تھے، لیکن اب یہ کمائی 300 روپے ہو گئی ہے۔ آٹو ڈرائیور سے ہوئی ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’جو لوگ پہلے دن بھر میں 500 روپے کماتے تھے، وہ اب 300 روپے کما رہے ہیں، اس کمرتوڑ مہنگائی میں بچوں کی تعلیم اور گھر چلانا مشکل ہو رہا ہے۔ ان مشکل حالات میں میں اپنے آٹو ڈرائیور بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہوں اور مہنگائی کے خلاف آواز اٹھاتا رہوں گا۔‘‘