شملہ(یو این آئی) کانگریس کے اسٹار پرچارک راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ان کے خون کا آخری قطرہ بھی ہماچل اور کانگریس پارٹی کی خدمت کے لیے وقف رہے گا۔ مسٹر گاندھی نے یہ بات اتوار کو ہماچل پردیش کے سرمور ضلع کے ناہن میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ مسٹر سکھویندر سنگھ سکھو 40 سال کی محنت کے بعد وزیر اعلیٰ بنے ہیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ انہوں نے سکھو جی کو سخت محنت کرتے دیکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ‘میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہمارے خون کا آخری قطرہ بھی ہماچل اور کانگریس پارٹی کی خدمت کے لیے وقف رہے گا۔ میں ہمیشہ کانگریس کے نظریے کو عوام تک لے جانے کے لیے پرعزم ہوں۔‘‘
انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سخت مذمت کی اور کہا کہ انہوں نے ہماچل میں ہماری حکومت گرانے کی کوشش کی۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماچل کے لوگ چاروں لوک سبھا سیٹیں کانگریس کو دیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں نے آزادی کی جنگ لڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کہہ رہے ہیں کہ اگر ہماری حکومت 400 سے تجاوز کر گئی تو ہم آئین کو پھاڑ کر پھینک دیں گے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے وعدہ کیا تھا کہ وہ دو کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے، وہ نوکریاں کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ 30 لاکھ سرکاری نوکریاں خالی پڑی ہیں اور جب ہم اقتدار میں آئیں گے تو وہ نوکریاں آپ کو دیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم ‘پہلی نوکری پکا اختیار’ کے نام سے ایک نیا حق لانے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ہے تو اڈانی ہے۔ انہوں نے ہماچل کے سیب اڈانی کے حوالے کر دیئے۔ ہوائی اڈہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی نے تقریباً 25 لوگوں کے 16 لاکھ کروڑ روپے معاف کر دیے لیکن ہماچل میں ہونے والی آفت میں ہوئے نقصان کے لیے 9 ہزار کروڑ روپے نہیں دیے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ اگر کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو سب سے پہلے وہ غریبوں کی فہرست بنائیں گے جس میں ہر خاندان سے ایک خاتون کو منتخب کیا جائے گا اور 5 جولائی کو اس کے کھاتے میں 8500 روپے جمع کرائے جائیں گے۔