سری نگر، 11 نومبر (یو این آئی) سری نگر کے شہرہ آفاق جھیل ڈل میں ہفتے کی علی الصبح آگ کی ایک واردات میں قریب نصف درجن ہاوس بوٹ خاکستر ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ جھیل ڈل میں گھاٹ نمبر 9 کے نزدیک ہفتے کی علی الصبح ایک ہاوس بوٹ میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل واقع مزید ہاوس بوٹوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں قریب نصف درجن ہاوس بوٹ خاکستر ہوئیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان ہاوس بوٹ مالکان کو کروڑوں روپیوں کا نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ ہاوس بوٹوں میں یہ آگ ہفتے کی صبح کے قریب پانچ بجے لگ گئی۔انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں 5 ہاؤس بوٹ اور 10 سے 15 رہائشی ڈھانچے خاکستر ہوگئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آگ کو بجھانے کے لئے 8 گاڑیوں کو استعمال میں لایا گیا۔دریں اثناء ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد نے کہا ہے کہ سری نگر کے جھیل ڈل میں ہفتے کی صبح ہاوس بوٹوں میں لگی آگ کے دوران ان میں قیام پذیر سیاحوں کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا اور سردی کے پیش نظر ان کو ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔بتادیں کہ جھیل ڈل میں گھاٹ نمبر 9 کے نزدیک ہفتے کی علی الصبح ایک ہاوس بوٹ میں آگ کی ایک واردات میں قریب نصف درجن ہاوس بوٹ خاکستر ہوئیں۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے جائے واردات کا دورہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ان ہاوس بوٹوں میں جو سیاح قیام پذیر تھے اور جو باقی رہائشی ہیں، ان کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا: ‘اس واردات میں 5 ہاوس بوٹ خاکستر ہوئے اور ان کے متصل رہائشی ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی ایس ڈی آر ایف، پولیس اور فائر ٹنڈرس نے مل کر آگ کو قابو میں کر لیا اور اس کو مزید پھیلنے سے روک لیا۔موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا اور سردی کے پیش نظر ان کو ضروری سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جھیل ڈل میں سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے جس کے لئے کئی پروجیکٹوں پر کام چل رہا ہے۔