سنبھاجی نگر (یو این آئی) مہاراشٹر میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے ولوج انڈسٹریل ایریا میں ہاتھ کے دستانے بنانے والی کمپنی کے یونٹ میں ہفتہ کی دیر رات آگ لگنے سے چھ مزدوروں کی موت ہو گئی ذرائع کے مطابق فیکٹری میں رات 2 بج کر 15 منٹ پر آگ لگی جس کے باعث وہاں سوئے ہوئے کچھ ملازمین جاگ گئے اور جان بچانے کے لیے بھاگے۔ بند فیکٹری کے احاطے میں سوئے ہوئے مزدوروں نے آگ لگنے کی اطلاع دی۔کمپنی کے ایگزٹ پوائنٹ پر آگ لگنے کے باعث مزدور باہر نہ آسکے، تاہم کچھ لوگ درختوں کا سہارا لے کر بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ پندرہ ملازمین کو بچا لیا گیا۔
اتوار کی صبح آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی 6 فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کا کام ابھی جاری ہے اور آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ "ہمارے اہلکار فیکٹری میں داخل ہو گئے ہیں اور چھ مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔” دوسری جانب جی ایم سی ایچ کے ذرائع کے مطابق چھ زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جنہيں مردہ قرار دیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ زیادہ تر مزدور بہار کے رہنے والے ہیں اور مرنے والوں کی شناخت مشتاق شیخ (65)، کوثر شیخ (32)، اقبال شیخ (18)، کاکنجی (55)، ریاض بھائی (32) اور مغیث شیخ (33) کے طور پر ہوئی ہے۔