حیدرآباد:تلنگا نہ کے حجاج کرام کاپہلا قافلہ بخیر و عافیت وطن واپس ہوچکا ہے، جن میں 150حاجی شامل ہیں ۔ جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ ، جناب محمد سلیم صدر نشین اسٹیٹ حج کمیٹی نے پورٹ پر حجاج کرام کا استقبال کیا ۔سیاست نیوز کی خبر کے مطابق شخصی طور پر ہر حاجی سے ملاقات کی اور خیریت دریافت کی اور انکی واپسی کے انتظامات کی نگرانی کی ۔ پہلی فلائٹ ہفتہ 15 جولائی کو صبح 7بجکر 15منٹ کو شمس آباد ائیر پورٹ پہونچی ۔ حجاج کرام کے رشتہ داروں کی کثیر تعداد انکے استقبال کیلئے جمع تھی ۔ حجاج کرام نے روانگی سے واپسی تک انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ حج کمیٹی نے حجاج کرام کی تربیت کیلئے جو انتظامات کئے تھے اس کے بہترین اثرات ہوئے ۔ صدرنشین حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے حج ٹرمنل پر ضعیف حاجی صاحبان کو سامان کے ساتھ حج ٹرمنل سے باہر تک وھیل چیر پر منتقل کیا اور انہیں زم زم حوالے کیا۔ سعودی عرب میں متعین خادم الحجاج کی کار کردگی سے متعلق دریافت کرنے پر حاجی صا حبان نے کہا کہ تمام خادم الحجاج کی کارکردگی قابل تعریف ہے ۔ خادم الحجاج کی خدمات کی جتنی ستائش کی جائے کم ہے ۔ اتوار 16جولائی سے روزآنہ تین فلائٹس سے 450حجاج کرام مدینہ منورہ سے حیدرآباد ائیر پورٹ پہونچیں گے ۔ اس موقع پر جناب شیخ حمید پٹیل کارپوریٹر (کونڈا پور)، جناب سید غلام احمد حسین (کریم نگر)، جناب سید نظام الدین (نارسنگی)، جناب محمد جعفر خاں (گجویل) اراکین تلنگا نہ حج کمیٹی و جناب محمد خواجہ مجیب الدین صدر نشین تلنگا نہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی و جناب عرفان شریف اسسٹنٹ ایگزیکٹیو آفیسر تلنگا نہ اسٹیٹ حج کمیٹی و تلنگا نہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے ملازمین و شمس آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ کے عہدیداران و ملازمین ،اسریٰ و اویسی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس و نیم طبی عملہ کے ارکان موجود تھے۔