نئی دہلی، 03 اگست (یو این آئی) حکومت ہند نے پیرس اولمپکس میں گرمی سے پریشان کھلاڑیوں کے لیے 40 ایئر کنڈیشنر فراہم کیے ہیں۔پیرس کو ان دنوں شدید گرمی اور اومس کا سامنا ہے۔ اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی نے گرین اولمپکس کا حوالہ دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو ایئر کنڈیشنر فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کی تھی۔ ہندوستانی ہاکی کپتان ہرمن پریت نے بتایا تھا کہ کھلاڑی گرمی سے پریشان ہیں جس کے بعد وزارت کھیل حرکت میں آگئی اور بغیر کسی تاخیر کے ہندوستانی کھلاڑیوں کو 40 پورٹیبل ایئر کنڈیشنر فراہم کئے۔ ہندستانی کھلاڑی گیمز ویلج میں اپنے کمروں میں اے سی میں آرام کرتے ہوئے دیکھے گئے۔
وزارت کے مطابق انڈین اولمپک ایسوسی ایشن اور فرانسیسی سفارت خانے کے ساتھ بات چیت کے بعد ایئر کنڈیشنر پیرس میں اولمپک گیمز ولیج بھیجے گئے۔
وزارت کے ذرائع کے مطابق پیرس میں گرمی اور اومس کی وجہ سے اولمپک گیمز ویلج میں کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت کھیل نے گیمز ولیج کے ان کمروں میں 40 اے سی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جہاں ہندوستانی کھلاڑی ٹھہرے ہوئے ہیں۔ہندوستان نے پیرس اولمپکس 2024 میں اب تک تین کانسہ کے تمغے جیتے ہیں۔ تمام تمغے شوٹنگ میں آئے ہیں۔