نئی دہلی(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک):منی لانڈرنگ معاملہ میں گرفتار دہلی حکومت کے وزیر ستیندر جین کی مستقل ضمانت عرضی معاملہ پر دہلی ہائی کورٹ نے آج انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو نوٹس بھیج کر جواب مانگا ہے۔ عدالت نے ای ڈی سے اپنا جواب دو ہفتے میں داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ دراصل ستیندر جین نے حال ہی میں ذیلی عدالت کی طرف سے ضمانت عرضی خارج کیے جانے کے بعد دہلی ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے ستیندر جین کے خلاف منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا تھا جس کے بعد سے اس معاملے میں تحقیقات جاری ہے۔ ستیندر جین کا کہنا ہے کہ انھوں نے جانچ میں پورا تعاون کیا ہے، اور عدالت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسی حالت میں نہیں کہ گواہوں کو متاثر کر سکیں یا ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر سکیں، اس لیے ضمانت دی جائے۔ ہائی کورٹ میں ضمانت عرضی داخل کرتے ہوئے ستیندر جین نے کہا تھا کہ انھیں راحت دیے جانے میں کوئی جوکھم نہیں ہے، اس لیے ان کی عرضی پر غور کیا جائے۔
واضح رہے کہ ذیلی عدالت نے گزشتہ 17 نومبر کو ستیندر جین کی ضمانت عرضی خارج کر دی تھی۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ ستیندر جین پہلی نظر میں مجرمانہ عمل کے تحت آنے والی آمدنی کو چھپانے میں شامل تھے۔ جین کی طرف سے دلیل پیش کی گئی تھی کہ ان کے پاس ایسی کوئی دولت نہیں ہے، اس لیے منی لانڈرنگ کے تحت معاملہ نہیں بنتا ہے۔ عرضی میں کہا گیا تھا کہ صرف کچھ جانکاری کی بنیاد پر اسپیشل جج اور ای ڈی نے غلط مطلب نکال لیا، جو پی ایم ایل اے کے تحت جرم کا سبب نہیں ہو سکتا ہے۔