حیدرآباد:نیا کے مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں اب حیدرآباد کا نام بھی شامل ہوچکا ہے ۔ حیدرآباد کو اب تک رہائش کیلئے پسندیدہ شہروں کی فہرست میں جگہ ملتی رہی ہے تاہم بدلتے حالات نے حیدرآباد میں زندگی کو مہنگی کردیا ہے اور دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں حیدرآباد کو 202 واں مقام دیا گیا ہے ۔ یہ جانکاری سیاست کی ایک خبرمیں دی گئی ہے۔ایک رپورٹ دنیا کے پانچ بر اعظموں کے 227 شہروں میں کئے گئے سروے کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے ۔ یہ سروے کئی عوامل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جن میں حمل و نقل ‘ غذا ‘ لباس ‘ رہائش ‘ گھریلو سازو و سامان اور تفریحی اخراجات کو پیش نظر رکھا گیا تھا ۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں ممبئی سب سے مہنگا ترین شہر ہے ۔ عالمی فہرست میں ممبئی کو 147 واں مقام حاصل ہوا ہے جبکہ ہندوستان میں دوسرا مہنگا ترین شہر دہلی ہے جسے عالمی فہرست میں 169 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ چینائی عالمی فہرست میں 184 ویں اور بنگلور 189 ویں مقام پر ہے ۔ اس فہرست میں کولکاتہ کو 211 واں اور پونے کو 213 واں مقام دیا گیا ہے ۔ بین الاقوامی سطح پر ہانگ کانگ دنیا کا سب سے مہنگا ترین شہر ہے ۔ دوسرے نمبر پر سنگاپور اور تیسرے نمبر پر زیورچ ہے ۔ پاکستان میں کراچی اور اسلام آباد کو مہنگے ترین شہروں میں شمار کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق چینائی ‘ حیدرآباد ‘ کولکاتہ اور پونے میںاخراجات زندگی ممبئی کی بہ نسبت نصف قرار دئے جاسکتے ہیں۔ کولکاتہ میں اخراجات رہائش بیرونی ورکرس کیلئے بہت کم بتائے گئے ہیں۔ جہاں حیدرآباد کو دنیا کے مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں شمار کیا گیا وہیں اسے محفوظ شہر بھی قرار دیا گیا ہے ۔ عالمی ڈاٹا بیس کی بنیاد پر کرناٹک کا ساحلی شہر منگلورو ہندوستان کا سب سے محفوظ ترین شہر ہے جبکہ محفوظ شہروں کی فہرست میں حیدرآباد کو ہندوستان میں 10 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ جہاں منگلورو کو ہندوستان کا محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا وہیں اسے اس عالمی سطح کی اس فہرست میں 47 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ گجرات کے ٹاپ تین شہروں میں ودودرہ ‘ احمد آباد اور سورت ہیں ۔ ان شہروں کو ہندوستان کے محفوظ شہروں کی فہرست میں دوسرا ‘ تیسرا اور چوتھا مقام حاصل ہوا ہے ۔ عالمی رینکنگ میں ان شہروں کو 95 واں 99 واں اور 115 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ حیدرآباد جہاں ہندوستان میں 10 واں محفوظ ترین شہر ہے وہیں اسے عالمی فہرست میں 192 واں مقام حاصل ہوا ہے ۔ اس معاملے میں حیدرآباد نے ملبورن ‘ فرینکفرٹ ‘ استنبول ‘ آکلینڈ ‘ نیویارک ‘ ڈبلن ‘ جکارتہ اور تہران جیسے شہروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ ہندوستان کے دوسرہ آئی ٹی ہب کہے جانے والے شہر جیسے گروگرام ‘ بنگلورو اور نوئیڈا بھی اس معاملے میں حیدرآباد سے پیچھے ہیں۔ انہیں ہندوستان میں 14 واں ‘ 15 واں اور سولہواں مقام حاصل ہوا ہے ۔ عالمی سطح پر ان کی رینکنگ اور بھی نیچے پائی گئی ہے ۔