اسلام آباد(ایجنسیاں)پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے طاقت ور حلقوں کو سمجھایا تھا کہ اگر ملک میں سیاسی عدم استحکام ہوا تو ملک کی معیشت کو نقصان پہنچے گا۔وایس آف امریکہ کی خبر کے مطابق جمعرات کی شام قوم سے اپنے خطاب میں سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ اگر اُنہیں مزید دیوار کے ساتھ لگایا گیا تو وہ زیادہ صبر نہیں کریں گے اور عوام کو باہر نکلنے کی کال دیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اُن کے دورِ حکومت میں پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتیں کم تھیں، لیکن اب عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود موجودہ حکومت نے تیل کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔سابق وزیرِ اعظم کے بقول ملک کے طاقت ور لوگوں کو سمجھایا تھا کہ اگر ملک میں سیاسی استحکام نہ رہا تو اس کا براہِ راست اثر ہماری معیشت پر اثر پڑے گا۔ سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین سے بھی کہا تھا کہ انہیں سمجھائیں کہ اس ٹولے کو ہم پر مسلط نہ کریں ورنہ بہت نقصان ہو گا۔عمران خان بولے کہ آئی ایم ایف پروگرام ملنے کے باوجود پاکستانی روپے کی قدر مسلسل کم ہو رہی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر کہتا ہوں کہ جلد از جلد شفاف انتخابات کرائے جائیں، کیوں کہ ملک پیچھے جا رہا ہے۔ لہذٰا پاکستان کو دلدل سے نکالنے کے لیے فوری الیکشن ضروری ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جتنی دیر یہ حکومت چل رہی ہے، اس سے ہماری جماعت کا گراف مسلسل اُوپر جائے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر اسی طرح ملک کا نظام چلتا رہا تو ملک میں انتشار پھیلے گا۔ الیکشن میں تاخیر کی گئی تو پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا۔