پٹنہ، 08 جنوری (یوا ین آئی) پنچایتی راج کے نمائندوں کے اعزازیہ میں اضافے کے وعدے پر عمل کرتے ہوئے بہار حکومت نے آج مکھیا، نائب مکھیا اور سرپنچ کو دیا جانے والا ماہانہ بھتہ دوگنا کر دیا۔
کابینہ سکریٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے پیر کے روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں یہاں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔
ڈاکٹر سدھارتھ نے کہا کہ محکمہ پنچایتی راج کے تحت چھٹے ریاستی مالیاتی کمیشن کی سفارش کی روشنی میں پنچایت کے مکھیا کا بھتہ 2500 روپے سے بڑھا کر 5000 روپے، نائب مکھیا کا بھتہ 1200 روپے سے بڑھا کر 2500 روپے کر دیا گیا ہے اور گرام پنچایت ممبر کی تنخواہ 500 روپے سے بڑھا کر 800 روپے کر دی گئی ہے۔ گرام کچہری کے سرپنچ کی تنخواہ 2500 روپے سے بڑھا کر 5000 روپے، ڈپٹی سرپنچ کی تنخواہ 1200 سے بڑھا کر 2500 روپے اور پنچ کا الاؤنس 500 سے 800 روپے ماہانہ تک بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے الاؤنس میں یہ اضافہ یکم اپریل 2024 سے نافذ ہوگا۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز یہاں این مارگ 1 پر واقع لوک سمواد میں پنچایت کے مکھیا، نائب مکھیا، وارڈ ممبران اور سرپنچ، نائب سرپنچ اور پنچ کا وفد کے مسائل سننے کے بعد نتیش کمار نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ، "آپ سب بہتر کام کرتے رہیں۔ آپ سب کے مطالبات کی بنیاد پر مکھیا، نائب مکھیا، وارڈ ممبران اور سرپنچ، نائب سرپنچ اور پنچ کے اعزازیہ میں قابل احترام اضافہ کیا جائے گا۔
حکومت کے اس فیصلے سے ریاست کے 2 لاکھ 35 ہزار 148 پنچایت نمائندوں کو فائدہ ہوگا۔ اسی طرح الاؤنس بڑھانے کے فیصلے سے وارڈ اور پنچ کے 1 لاکھ 268 منتخب اراکین کو فائدہ پہنچے گا۔