اجولا اسکیم کے استفادہ کنندگان کو مزید ایک سال تک 300 روپے کی سبسڈی ملتی رہے گی
نئی دہلی: مرکزی حکومت نے مرکزی ملازمین کے مہنگائی الاؤنس میں چار فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مرکزی ملازمین کا الاؤنس 46 فیصد سے بڑھ کر 50 فیصد ہو گیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ میں لیا گیا۔ یہ الاؤنس یکم جنوری 2024 سے لاگو تصور کیا جائے گا۔اس سے تقریباً 49.18 لاکھ مرکزی حکومت کے ملازمین اور 67.95 لاکھ پنشنرز کو فائدہ ہوگا۔
یہ ساتویں مرکزی تنخواہ کمیشن کی سفارشات پر مبنی ہے۔
اس کے ساتھ ہی کابینہ کی میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اجولا اسکیم کے استفادہ کنندگان کو مزید ایک سال تک 300 روپے کی سبسڈی ملتی رہے گی۔اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نےکابینہ کی میٹنگ کے بعد جمعرات کے روز یہاں پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں اجولا یوجنا کی سبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت مستحقین کو ہر سال 12 سلنڈر ری فل کرنے کے لیے فراہم کی جانے والی 300 روپے فی 14.2 کلو گرام سلنڈر کی سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری دی گئی ہے۔ یکم مارچ تک، اجولا یوجنا کے 10.27 کروڑ سے زیادہ صارفین ہیں جنہیں اپنے کھاتوں میں براہ راست سبسڈی ملے گی۔ اس اسکیم پر 2024-25 میں 12,000 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔