نئی دہلی: حج 2024 کے لیے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ آج (9 مئی) سے شروع ہو گیا ہے۔ عازمین حج کو لے کر سعودی ایئرلائنز کی پہلی پرواز دہلی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 3 سے سعودی عرب کے لیے صبح 2.20 بجے روانہ ہوئی۔ اس موقع پر ہوائی اڈے پر حج کمیٹی کے افسران و ممبران موجود تھے۔عازمین حج کو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ بھارت اسکاؤٹس اور گائیڈز کے دستے نے پھولوں کے ہار پہنائے اور گارڈ آف آنر کے بعد رخصت کیا۔ پہلے قافلے میں کل 285 عازمین حج کے لیے روانہ ہوئے۔ اس سال کل 1,75,025 عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جائیں گے جس میں حکومت ہند کی طرف سے 1,40,025 عازمین ہوں گے۔ ان کے علاوہ 35,000 عازمین پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج پر جائیں گے۔
واضح رہے کہ ہندوستان بھر میں کل 20 سفری مقامات سے عازمین حج روانہ ہوتے ہیں۔ پہلے مرحلے میں دہلی سے جانے والے حاجیوں کی واپسی 22 جون سے شروع ہوگی۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ممبر محمد سعد، حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او لیاقت علی آفاقی، ڈپٹی سی ای او ناظم احمد، دہلی حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے عازمین حج کے اس پہلے قافلے کو روانہ کیا۔
دوسری طرف سری نگر سے خبر ہے کہ جموں وکشمیر سے حج سال 2024کے لئے آج یعنی جمعرات کو سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو الگ الگ پروازوں کے ذریعے 644عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ سعودی عرب روانہ ہوا۔یو این آئی نامہ نگار کے مطابق بمنہ حج ہاوس میں کافی چہل پہل اور جوش و خروش دیکھا جارہا ہے جہاں جمعرات کی صبح سے ہی عازمین حج نعروں کی گونج میں اپنے احباب و اقارب کی معیت میں جمع ہو رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ کئی گھنٹوں تک حج ہاوس میں قیام کے بعد عازمین کو ٹی آر سی کی خصوصی گاڑیوں کے ذریعے سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف روانہ کیا گیا۔حکام کے مطابق سری نگر ہوائی اڈے سے جمعرات کو 322عازمین پر پہلی پرواز جبکہ اتنے ہی عازمین پر مشتمل دوسری پرواز کو بعد دوپہر روانہ کیا گیا۔امسال جموں وکشمیر کے سات ہزار آٹھ لوگ حج کا مقدس فریضہ انجام دیں گے۔سری نگر ہوائی اڈے پر حج سال 2024کے عازمین کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ائیر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پر عازمین کو حج کوانٹر گیٹ سے ہوائی جہاز تک پہنچانے کے لئے ایک الگ علاقہ مختص کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ احرام پہننے کے لئے عازمین کے لئے الگ الگ جگہیں رکھی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عازمین کے آرام دہ اور احسن سفر کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ عازمین کے سامان کی چیکنگ کے لئے حج ہاوس بمنہ میں خصوصی کاونٹر قائم کئے گئے ہیں۔ ان کے مطابق عازمین کو اے سی گاڑیوں میں ہوائی اڈے تک پہنچایا گیا ۔
دریں اثناء لکھنؤ سے اطلاع ملی ہے کہ اترپردیش سےحج کے مقدس سفر پر جانے کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہوگیا۔ اسی کڑی کے تحت عازمین حج کا پہلا قافلہ لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ ایئرپورٹ سے صبح 8بجے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہو گیا۔
اترپردیش حج کمیٹی سے موصول اطلاع کے مطابق عازمین حج کے پہلے قافلے میں 285عازمین شامل تھے جن میں سے143 مرد اور142 خاتون عازمین شامل ہیں۔پہلے قافلے میں ریاستی راجدھانی لکھنؤ سے239 عازمین تھے ۔ اس قافلے میں عازمین کی سہولیت کے لئے 3خادم الحجاج کو بھی روانہ کیا گیا ہے۔
وہیں آج ہی کے دن عازمین کی دوسری اڑان بھی مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئی۔ دوسری اڑان میں عازمین کی تعداد 285 تھی جس میں 150مرد اور 135 خاتون عازمین شامل ہیں۔ اس قافلے میں 169عازمین بارہ بنکی اور 70راجدھانی لکھنؤ کے ہیں۔جبکہ عازمین کی تیسری اڑان شام 06:10 بجے رونہ ہوئی ۔ اس میں کل 285عازمین تھے۔ جن میں سے150مرداور135 خاتون عازمین تھے۔
اس سے قبل حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او ڈاکٹر لیاقت علی افاقی اور ریاستی حج کمیٹی کے سکریٹری ایس پی تیواری نے پرچم دکھا کر عازمین کے پہلے قافلے کو روانہ کیا۔