تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ کچھ اسلامی ممالک نے غزہ میں صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت کی۔ کچھ اسلامی ممالک نے ابھی تک مذمت بھی نہیں کی۔ آیت اللّٰہ خامنہ ای نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسلامی حکومتوں کو توانائی اور اہم سامان اسرائیل تک پہنچنے سے روکنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی ریاستوں کو صیہونی حکومت سے سیاسی تعلقات ختم کرنےچاہئیں۔ آیت اللّٰہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ اسلامی ریاستیں محدود وقت کےلیے اسرائیل سے سیاسی تعلقات ختم کریں۔ فلسطینیوں کے خلاف اقوام عالم کو اپنا احتجاج جاری رکھنا چاہیے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ غزہ میں صیہونی حکومت کی شکست یقینی ہے۔صیہونی حکومت غزہ میں بمباری کر کے بھی حماس کو تباہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں اور گھروں میں داخل ہونا کوئی کامیابی نہیں۔ صیہونی حکومت کی ناکامی امریکا اور مغربی ممالک کی بھی ناکامی ہے۔