تل ابیب، یکم اگست (یو این آئی) اسرائیلی چیف آف جنرل اسٹاف ہرزی حلوی نے دھمکی دی ہے کہ وہ لبنان پر قبضہ کر لیں گے اور بیروت میں نئے قتل عام کریں گے۔اسرائیلی فوج کی طرف سے دیے گئے تحریری بیان کے مطابق چیف آف جنرل اسٹاف حلوی نے اپنے ملک کی جانب سے لبنان کی سرحد پر منعقد کی جانے والی فوجی مشق میں شرکت کی۔فوجی مشق میں حصہ لینے والے فوجیوں سے اپنی تقریر میں حلوی نے کہا کہ حزب اللہ کے لیڈر حسن نصر اللہ کے قریبی ساتھی اور اہم رہنما فواد شُکر کو قتل کرنے کےلیے ایک سنہری موقع ہمارے ہاتھ آگیا تھا ۔
حلوی نے لبنان پر حملہ کرنے اور بیروت میں دیگر قتل عام کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج جانتی ہے کہ بیروت کے ایک محلے میں کیسے جانا ہے اور ایک خاص مقام تک کیسے پہنچنا ہے،وہ یہ بھی جانتی ہے کہ زیر زمین کسی مخصوص مقام پر کیسے حملہ کرنا ہےÖہم یہ بھی جانتے ہیں کہ لبنان میں ایک بڑی طاقت سے کیسے لڑنا ہے۔اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ایک روز قبل لبنان کے دارالحکومت بیروت پر ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے ایک کمانڈر فواد شیکر کو ہلاک کر دیا تھا۔
فواد شُکر ان ناموں میں سے ایک تھا جن کے سر پر واشنگٹن نے 1983 میں بیروت میں امریکی میرین کور کی بیرکوں پر بمباری میں ملوث ہونے پر انعام رکھا تھا۔7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر اسرائیل حملے جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ شمالی سرحد پر وہ لبنانی حزب اللہ کے ساتھ بھی لڑ رہا ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحدی لائن پر فوجی کشیدگی بدستور جاری ہے جسے بلیو لائن کہا جاتا ہے ۔